سونیا گاندھی نے آنجہانی اشونی کمار کی بیوی کو لکھا خط، کہا "ہمیشہ عزت کے ساتھ یاد کیا جائے گا"
اپنے خط میں سونیا گاندھی نے لکھا ہے کہ اشونی کمار پیشہ ور اور نجی طور پر اعلیٰ اقدار والے ایک باوقار افسر تھے۔ انھوں نے ملازمت اور فیملی دونوں کے تئیں اپنی ذمہ داریاں پوری سنجیدگی کے ساتھ نبھائیں۔
کانگریس صدر سونیا گاندھی نے سابق گورنر اور سابق سی بی آئی ڈائریکٹر اشونی کمار کے انتقال پر گہرے غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی بیوی اے. کے. چندک کو خط لکھا ہے۔ خط میں آنجہانی اشونی کمار کی روح کے سکون کے لیے دعاء کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ وہ اپنے ہر عہدہ پر ایک بہترین افسر تھے۔
محترمہ اے کے چندک کو خطاب کرتے ہوئے خط میں سونیا گاندھی نے لکھا ہے "آپ کے پیارے شوہر کی افسوسناک موت پر حیران اور افسردہ ہوں۔ اشونی کمار پیشہ ور اور نجی طور پر اعلیٰ اقدار والے بہترین افسر تھے۔ انھوں نے اپنی ملازمت اور اپنی فیملی دونوں کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کو پوری سنجیدگی کے ساتھ نبھایا اور اس کے لیے کوئی بھی قربانی دینے کے لیے تیار تھے۔ انھوں نے اپنی زندگی پورے وقار کے ساتھ گزاری۔"
خط میں کانگریس صدر نے مزید لکھا کہ "غم کے اس وقت میں ہمدردی کے لیے الفاظ بہت چھوٹے ہوتے ہیں، لیکن میں آپ کو بتانا چاہتی تھی کہ میں آپ کے درد کو بانٹتی ہوں۔ دعا ہے کہ اس عظیم خسارہ کو برداشت کرنے کے لیے آپ، آپ کے بیٹے اور آپ کی بہو کو طاقت ملے۔ آپ کے شوہر کو اب ان کی تکلیف سے آزادی مل گئی ہے اور اب وہ سکون میں ہیں اور آپ کو اس بات سے صبر کرنا چاہیے۔" آخر میں سونیا گاندھی نے لکھا کہ آنجہانی اشونی کمار اپنے ہر عہدہ پر ایک بہترین افسر تھے اور انھیں وسیع طور سے تعریف اور عزت ملی۔ ہم ان کے انتقال پر غمزدہ ہیں اور ہمیشہ انھیں عزت کے ساتھ یاد کریں گے۔
واضح رہے کہ اشونی کمار 7 اکتوبر کو شملہ میں اپنے گھر مردہ پائے گئے تھے۔ پولس کو ان کی لاش شملہ واقع گھر میں پھندے سے لٹکی ہوئی ملی تھی۔ خبروں کے مطابق ان کی لاش کے پاس سے پولس کو ایک خودکشی نوٹ ملا تھا جس میں لکھا تھا "زندگی سے تنگ آ کر اگلے سفر پر نکل رہا ہوں۔" ذرائع کا کہنا ہے کہ اشونی کمار گزشتہ کچھ وقت سے ڈپریشن میں چل رہے تھے۔ حالانکہ پولس نے ابھی سا معاملے میں کوئی تصدیق نہیں کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔