سونیا گاندھی نے روزانہ حالات کے جائزہ کے لیے مشاورتی گروپ تشکیل دیا
کانگریس ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا کو مشاورتی گروپ کا کنوینر بنایا گیا ہے۔ اس گروپ میں منموہن سنگھ، راہل گاندھی، وینو گوپال، پی چدمبرم، منیش تیواری، جے رام رمیش اور گورو ولبھ جیسے لیڈران شامل ہیں۔
کانگریس صدر سونیا گاندھی نے موجودہ وقت کے مختلف ایشوز پر مذاکرہ اور اپنا رخ طے کرنے کے لیے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی قیادت میں 11 رکنی مشاورتی گروپ تشکیل دیا ہے۔ پارٹی کے تنظیمی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق کانگریس صدر سونیا گاندھی کے ذریعہ تشکیل اس مشاورتی گروپ میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی بھی شامل ہیں۔
آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے پریس کو جاری ایک بیان میں سونیا گاندھی کی جانب سے بنائے گئے اس مشاورتی گروپ کی جانکاری دی۔ مشاورتی گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر منموہن سنگھ اور کنوینر رندیپ سنگھ سرجے والا ہوں گے۔ اس کے علاوہ راہل گاندھی، کے سی وینو گوپال، منیش تیواری، جے رام رمیش، پروین چکرورتی، گورو ولبھ، سپریا شرینیت اور روہن گپتا بھی مشاورتی گروپ میں شامل کیے گئے ہیں۔ مشاورتی گروپ کے رکن روزانہ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ جڑیں گے اور موجودہ حالات پر غور کریں گے۔ ساتھ ہی یہ مختلف ایشوز پر پارٹی کے نظریات کو بھی سنیں گے۔
غور طلب ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف جاری جنگ میں کانگریس نے بھی مودی حکومت کی حمایت کی ہے۔ سونیا گاندھی نے اپنے ویڈیو پیغام میں اس بحران کے وقت لوگوں کو اپنی پارٹی کی جانب سے پورا تعاون دینے کا یقین دلایا۔ ساتھ ہی انھوں نے بھروسہ دلایا کہ مضبوط حوصلوں کے ساتھ ملک بہت جلد اس بحران پر فتح پا لے گا۔ سونیا گاندھی نے لوگوں سے اپیل کی کہ– میں امید کرتی ہوں آپ سبھی لاک ڈاؤن پر پوری طرح عمل کر رہے ہوں گے۔ آپ سبھی سوشل ڈسٹنسنگ بنائے رکھنے پر پوری طرح عمل کریں۔ سونیا گاندھی نے یہ بھی کہا کہ سب کے تعاون کے بغیر اس لڑائی کو جیتنا ممکن نہیں ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔