چندریان 3 کی کامیابی پر سونیا گاندھی پرجوش، اسرو کے سربراہ کو خط لکھ کر پیش کی مبارک باد
سونیا گاندھی نے اسرو کے سربراہ کو لکھا ’’میں آپ کو بتانا چاہتی ہوں کہ کل شام اسرو کی شاندار کامیابی پر میں کتنا پرجوش تھی۔ یہ تمام ہندوستانیوں بالخصوص نوجوان نسل کے لیے بڑے فخر اور جوش کی بات ہے‘‘
نئی دہلی: ہندوستان کے مون مشن چندریان 3 نے گزشتہ شام چاند کی سطح پر سوفٹ لینڈنگ کر کے نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ اس مشن کو روانہ کرنے والی ہندوستانی خلائی ایجنسی ’اسرو‘ کو تبھی سے لگاتار مبارکبادیاں پیش کی جا رہی ہیں۔ دریں اثنا، کانگریس لیڈر سونیا گاندھی نے بھی اسرو کے سربراہ کو خط لکھ کر مبارکباد پیش کی ہے۔
سونیا گاندھی نے اسرو کے سربراہ کو لکھا ’’محترم سومناتھ! آپ کو بتانا چاہتی ہوں کہ کل شام اسرو کی شاندار کامیابی پر میں کتنا پرجوش تھی۔ یہ تمام ہندوستانیوں بالخصوص نوجوان نسل کے لیے بڑے فخر اور جوش کی بات ہے۔‘‘
انہوں نے مزید لکھا ‘‘اسرو کی شاندار صلاحیتیں کئی دہائیوں میں پروان چڑھی ہیں۔ اس کے قابل ذکر رہنما رہے ہیں اور اسے ہمیشہ اجتماعی کوشش کے جذبے نے چلایا ہے۔ یہ ساٹھ کی دہائی کے اوائل سے خود انحصاری پر لنگر انداز ہے جس نے اس کی بڑی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔‘‘
آخر میں انہوں نے لکھا ’’میں اسرو کی پوری برادری کو نیک تمناؤں کا اظہار کرتی ہوں اور اس اہم موقع پر اس کے ہر ایک ممبر کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ نیک خواہشات کے ساتھ۔‘‘
خیال رہے کہ ہندوستان بدھ کے روز چندریان 3 مشن کے دوران چاند کے جنوبی قطب پر اترنے والا پہلا ملک بن گیا۔ وکرم لینڈر کی کامیاب سوفٹ لینڈنگ نے ہندوستان کو چاند پر خلائی جہاز اتارنے والے ممالک کی خصوصی جماعت میں شامل کر دیا۔ اس سے قبل صرف امریکہ، چین اور سابق سوویت یونین نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔