’ہمیں یقین ہے آپ کی مدت کار میں ہند-برطانیہ تعلقات مزید گہرے ہوں گے‘، سونیا گاندھی نے رِشی سنک کو دی مبارکباد
سونیا نے مبارکبادی پیغام میں کہا کہ آپ کا برطانیہ کا وزیر اعظم بننا یقیناً ہندوستان میں ہم سبھی کے لیے فخر کی بات ہے، ہند-برطانیہ روابط ہمیشہ سے بہت خاص رہے ہیں اور مجھے یقین ہے یہ مزید گہرے ہوں گے۔
کانگریس کی سابق صدر اور پارٹی کی پارلیمانی پارٹی لیڈر سونیا گاندھی نے برطانیہ کے وزیر اعظم رشی سنک کو مبارکباد پیش کی ہے۔ سونیا گاندھی نے سنک کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کی مدت کار میں برطانیہ اور ہندوستان کے دو فریقی تعلقات اور مضبوط ہوں گے اور ایک نئی اونچائی پر پہنچیں گے۔
سونیا گاندھی نے سنک کو لکھے اپنے مبارکبادی پیغام میں کہا کہ ’’میں آپ کے ذریعہ برطانیہ کے وزیر اعظم کے طور پر عہدہ سنبھالنے پر خوش ہوں۔ یہ یقیناً ہندوستان میں ہم سبھی کے لیے فخر کی بات ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ہند-برطانیہ تعلقات ہمیشہ سے بہت خاص رہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ آپ کی مدت کار کے دوران وہ مزید گہرے ہوں گے۔
واضح رہے کہ کنزرویٹو پارٹی کے ہند نژاد سیاسی لیڈر سنک منگل کے روز بکنگھم پیلس میں بادشاہ چارلس سوئم سے ملنے کے بعد آفیشیل طور پر برطانیہ کے وزیر اعظم بن گئے ہیں۔ ملک کا وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد انھوں نے اپنی پہلی تقریر میں برطانیہ کو معاشی بحران سے باہر نکالنے کے لیے دن رات کام کرنے کا وعدہ کیا۔
اس سے قبل پیر کے روز کنزرویٹو پارٹی کی قیادت سے متعلق انتخاب میں بلامقابلہ لیڈر چنے جانے کے بعد پارٹی دفتر پہنچے سنک کا تالیوں کے درمیان زوردار استقبال کیا گیا۔ تقریباً ڈیڑھ ماہ کی مدت کار کے بعد لز ٹرس کے ذریعہ وزیر اعظم کا عہدہ چھوڑنے کے بعد ٹوری قیادت کا انتخاب جیت کر سنک گزشتہ سات ہفتے میں برطانیہ کے تیسرے وزیر اعظم بنے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔