سونیا نے پوچھ تاچھ ختم کرنے کی اپیل کی ہی نہیں، ای ڈی ذرائع کے جھوٹ سے اٹھا پردہ

جئے رام رمیش نے کہا کہ ’’میں اس خبر کی تردید کرتا ہوں جو ای ڈی ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ کانگریس صدر کی گزارش کی وجہ سے آج کی پوچھ تاچھ ختم ہوئی، یہ بالکل بے بنیاد ہے، غلط ہے، جھوٹ ہے۔‘‘

سونیا گاندھی، تصویر آئی اے این ایس
سونیا گاندھی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

کانگریس صدر سونیا گاندھی سے آج ای ڈی کی پوچھ تاچھ دو گھنٹے سے بھی کم وقت تک چلی۔ پوچھ تاچھ ختم ہونے کے بعد ای ڈی ذرائع کے حوالے سے شائع وہ خبر جھوٹی ثابت ہوئی ہے جس میں بتایا گیا تھا کہ سونیا گاندھی نے صحت کا حوالہ دیتے ہوئے ای ڈی سے چھوٹ مانگی اور جلد ہی ای ڈی دفتر سے نکل گئیں۔ ایسی کسی بھی خبر کو کانگریس نے مسترد کر دیا ہے اور ’ای ڈی ذرائع‘ کے حوالے سے پھیل رہی اس جھوٹی خبر سے پردہ اٹھا دیا ہے۔

کانگریس کے سینئر لیڈر جئے رام رمیش نے اس تعلق سے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں کہا ہے کہ ’’آج کانگریس صدر سونیا گاندھی قانون کے مطابق ای ڈی کے سامنے پیش ہوئیں۔ تقریباً دو سے ڈھائی گھنٹے تک وہاں رہیں۔ اس کے بعد ای ڈی نے کہا کہ ہمیں آپ سے اور کوئی سوال نہیں پوچھنا ہے، آپ جا سکتی ہیں۔ کانگریس صدر نے کہا کہ نہیں، جو کچھ بھی آپ کے پاس سوال ہیں آج مجھ سے پوچھیے، میں یہاں رات 8 سے 9 بجے تک بیٹھنے کے لیے تیار ہوں۔ میں کل بھی آ سکتی ہوں۔‘‘


جئے رام رمیش نے اپنے ویڈیو پیغام میں ای ڈی افسران اور سونیا گاندھی کے درمیان ہوئی گفتگو کے بارے میں مزید کہا کہ ’’ای ڈی نے کہا کہ آج ہمیں آپ کی ضرورت نہیں ہے۔ کل بھی ضرورت نہیں ہے۔ کانگریس صدر کی طرف سے گزارش کی گئی ہے کہ اگر کچھ سوال باقی ہے تو پیر کو آپ پوچھ تاچھ کر سکتے ہیں۔ ہم آنے کے لیے تیار ہیں۔‘‘ کانگریس لیڈر آگے کہتے ہیں کہ ’’میں اس خبر کی تردید کرتا ہوں جو ای ڈی ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ کانگریس صدر کی گزارش کی وجہ سے آج کی پوچھ تاچھ ختم ہوئی، کیونکہ وہ کووڈ مریض تھیں۔ یہ بالکل بے بنیاد ہے، غلط ہے، جھوٹ ہے۔ آج کی پوچھ تاچھ ختم ہوئی کیونکہ ای ڈی کے پاس کوئی سوال نہیں تھا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔