ترون گگوئی کے انتقال پر اہل خانہ کے نام سونیا اور منموہن نے بھیجا جذباتی پیغام

ترون گگوئی کے بیٹے کو لکھے خط میں سونیا گاندھی نے کہا کہ ’’آپ کے پیارے والد کے انتقال کی خبر سننا میرے لیے دردناک ہے۔ انھوں نے غیر معمولی دانشمندی، وِژن اور قابلیت کے سبب احترام اور تعریف حاصل کی۔‘‘

ترون گگوئی کی فائل تصویر @INCIndia
ترون گگوئی کی فائل تصویر @INCIndia
user

تنویر

آسام کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سرکردہ لیڈروں میں شامل ترون گگوئی کا 86 سال کی عمر میں آج انتقال ہو گیا۔ ان کے انتقال کی خبر تیزی کے ساتھ چاروں طرف پھیل گئی اور صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند، پی ایم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سمیت سیاسی حلقہ سے تعلق رکھنے والی کئی اہم شخصیتوں نے اظہارِ غم کیا۔ اس درمیان کانگریس صدر سونیا گاندھی ترون گگوئی کے بیٹے گورو گگوئی اور سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے ترون گگوئی کی اہلیہ ڈولی گگوئی کے نام جذباتی پیغام ارسال کر مرحوم کے کارہائے نمایاں کو یاد کیا۔

سونیا گاندھی نے اپنے خط میں لکھا کہ ’’آپ کے پیارے والد کے انتقال کی خبر سننا میرے لیے دردناک غم ہے۔ ترون گگوئی کانگریس پارٹی کے طویل قامت لیڈروں میں سے ایک تھے، انھوں نے اپنی غیر معمولی دانشمندی، وِژن اور قابلیت کے سبب احترام اور تعریف حاصل کی۔‘‘ سونیا گاندھی نے مزید لکھا کہ ’’بطور رکن اسمبلی، رکن پارلیمنٹ، مرکزی وزیر اور آسام کے وزیر اعلیٰ طویل عرصہ کا تجربہ رکھتے تھے۔ وہ ایسی شخصیت تھے جن کے مشورے اور نصیحت پر ہم فیصلوں سے رجوع کر سکتے تھے۔ ذاتی طور پر میرے لیے بھی ان کا اس دنیا سے جانا غم انگیز ہے۔‘‘


طویل خط کے آخری حصے میں کانگریس صدر نے لکھا کہ ’’اس غم کے وقت میں میری ہمدردیاں آپ (گورو گگوئی) اور آپ کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ اس وبائی وقت میں آپ کے والد کی وقت سے پہلے موت ضرور ہو گئی، لیکن انھوں نے ایک مضبوط وراثت چھوڑی ہے۔ کانگریس پارٹی کی یادوں میں وہ ہمیشہ زندہ رہیں گے۔‘‘

سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے بھی ترون گگوئی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کو اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ منموہن سنگھ نے ترون گگوئی کی اہلیہ ڈولی گگوئی کو بھیجے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ’’ترون گگوئی کی بے وقت موت سے میں سکتے میں ہوں۔ گگوئی نے اپنی محنت سے سیاسی بلندیاں حاصل کیں۔ وہ چھ بار لوک سبھا کے رکن رہے اور ریکارڈ تین بار مسلسل آسام کے وزیراعلی منتخب ہوئے۔ گگوئی آسام کے بے حد مقبول لیڈر تھے۔ مشکل کی اس گھڑی میں، میں اور میری اہلیہ آپ کے ساتھ ہیں اور آپ کے تئیں تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔