سونالی پھوگاٹ کو زبردستی کچھ پلایا گیا! گوا پولیس کا سنسنی خیز انکشاف، دو ملزمان گرفتار

گوا پولیس نے کہا کہ سونالی پھوگاٹ کے پی اے سدھیر سانگوان اور سکھویندر سنگھ نے سونالی کو زبردستی کچھ پلائے جانے کا اعتراف کر لیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے

سونالی پھوگاٹ / تصویر آئی اے این ایس
سونالی پھوگاٹ / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

پنجی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی رہنما اور ٹک ٹاک اسٹار سونالی پھوگاٹ کے مبینہ قتل کے سلسلے میں گوا پولیس نے ان کے دو معاونین سے رات بھر پوچھ گچھ کی۔ ایک عہدیدار نے جمعہ کے روز یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں درج ایف آئی آر میں نامزد سدھیر سانگوان اور سکھویندر واسی سے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔

دریں اثنا، گوا پولس نے انکشاف کی کہ سونالی پھوگاٹ کو زبردستی کچھ پلایا گیا تھا۔ گوا پولیس نے جمعہ کے روز کہا کہ سونالی کے پی اے سدھیر سنگوان اور سکھویندر سنگھ نے سونالی کو زبردستی کچھ پلانے کا اعتراف کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ دونوں ملزمان نے پارٹی کے دوران سونالی کو زبردستی کوئی چیز پینے پر مجبور کیا تھا۔


آئی جی اوم ویر سنگھ نے کہا ’’ہم نے سی سی ٹی وی فوٹیج برآمد کر لی ہے، جس میں سدھیر سانگوان اور سکھوندر سونالی کے ساتھ پارٹی کرتے نظر آ رہے ہیں۔ سونالی کو زبردستی منشیات دی گئی تھی۔ سکھویندر نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ سونالی کو مائع کی شکل میں منشیات دی گئی تھیں۔ ملزم پھوگاٹ کو ٹوئلٹ لے گئے اور وہ 2 گھنٹے تک وہاں موجود رہے۔ مزید پوچھ گچھ کی جا رہی ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کے ملزمان نے متاثرہ کو کون سی نشیلی چیز دی تھی۔ اس بات کی بھی تفتیش جاری ہے کہ بوتل کہاں پھینکی گئی۔‘‘

سونالی کو ایک ٹیکسی ڈرائیور کلب سے ہوٹل لے گیا تھا۔ گوا پولیس نے اس ٹیکسی ڈرائیور کو بھی طلب کیا ہے، تاکہ اس سے پوچھ گچھ کی جا سکے کہ سونالی اس وقت کس حال میں تھی۔ پولیس نے کہا کہ چونکہ سونالی کے بدن پر کوئی خاص ظاہری چوٹ نہیں تھی، اس وجہ سے ڈاکٹر نے پہلے دل کا دورہ پڑنے سے موت کا امکان ظاہر کیا تھا۔


خیال رہے کہ ٹک ٹاک ایپ سے شہرت حاصل کرنے والی ہریانہ کے حصار ضلع کی بی جے پی لیڈر سونالی پھوگاٹ 22 اگست کو سانگوان اور واسی کے ساتھ گوا آئی تھی اور انجونا میں واقع ایک ہوٹل میں ٹھہری تھیں۔ 23 اگست کی صبح خرابی صحت کی شکایت کے بعد انہیں سینٹ انتھونی ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ وہاں پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ گئیں۔ ڈاکٹروں نے ان کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہونے کا امکان ظاہر کیا تھا۔ تاہم پوسٹ مارٹم میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سونالی کے جسم پر زخموں کے کئی نشانات تھے اور کئی گم چوٹیں بھی موجود تھیں۔

وہیں، سونالی پھوگاٹ کی آخری رسومات آج جمعہ کے روز حصار میں ادا کی گئیں۔ سونالی پھوگاٹ کی آخری رسومات سے قبل ان کا جسد خاکی صبح 9 بجے ان کے ڈھنڈور فارم ہاؤس پر آخری دیدار کے لئے رکھا گیا تھا۔ سونالی پھوگاٹ کے بھائی وطن ڈھاکہ نے این ڈی ٹی وی سے کہا 'میری بہن کو تڑپا تڑپا کر مارا گیا!‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔