سوناکشی نے بیان کی والد شتروگھن کی تکلیف، کہا ’بی جے پی میں گھُٹن محسوس ہو رہی تھی‘

سوناکشی سنہا نے میڈیا سے کہا کہ ’’مجھے لگتا ہے اگر آپ کسی جگہ خوش نہیں، تو بدلاؤ کی طرف توجہ دینی چاہیے۔ یہی میرے والد نے بھی کیا۔ مجھے لگتا ہے کہ کانگریس سے جڑ کر وہ زیادہ اچھا کام کر پائیں گے‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

شتروگھن سنہا کی بیٹی سوناکشی سنہا نے اپنے والد کے بی جے پی چھوڑنے اور کانگریس میں شامل ہونے کے تعلق سے بڑا بیان دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جے پی نارائن جی، اٹل جی اور اڈوانی جی کے وقت میرے والد کی پارٹی میں بہت عزت ہوتی تھی، لیکن اب ان کی عزت نہیں ہوتی۔ ساتھ ہی سوناکشی نے یہ بھی کہا کہ پارٹی کو چھوڑنے کا فیصلہ انھیں بہت پہلے ہی لے لینا چاہیے تھا کیونکہ ان کے ساتھ بی جے پی میں اچھا سلوک نہیں ہو رہا تھا اور ایک گھٹن جیسا ماحول بن گیا تھا۔

سوناکشی سنہا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے دیر سے ہی سہی لیکن کانگریس میں شتروگھن سنہا کے شامل ہونے کے فیصلے پر خوشی ظاہر کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’مجھے لگتا ہے کہ اگر آپ کسی جگہ خوش نہیں ہیں تو آپ کو بدلاؤ کی طرف توجہ دینی چاہیے۔ یہی میرے والد نے بھی کیا۔ مجھے لگتا ہے کہ کانگریس سے جڑ کر وہ زیادہ اچھا کام کر پائیں گے اور اس پارٹی میں رہتے ہوئے خود پر وہ کسی طرح کا دباؤ بھی محسوس نہیں کریں گے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ شتروگھن سنہا نے کانگریس میں شامل ہونے کا اعلان کچھ دن پہلے ہی کیا ہے اور وہ 29 مارچ کو باضابطہ پارٹی میں شامل ہو بھی جاتے، لیکن کچھ وجوہات کی بنا پر ایسا نہیں ہو سکا۔ لیکن جمعہ کے روز راہل گاندھی سے ملاقات کے بعد ’شاٹ گن‘ کے نام سے مقبول شتروگھن سنہا نے کہا کہ ’’نوراتری میں اچھا مہورت ہوتا ہے اس لیے وہ اچھے کام کی شروعات پہلے نوراتری کو یعنی 6 اپریل سے کریں گے۔‘‘ یہاں قابل غور یہ بھی ہے کہ بہار مہاگٹھ بندھن میں پٹنہ صاحب پارلیمانی سیٹ کانگریس کے حصے میں آئی ہے اور شتروگھن سنہا پہلے سے ہی اسی سیٹ سے الیکشن لڑنے کا بیان دیتے رہے ہیں۔ اس طرح دیکھا جائے تو باضابطہ اس بات کا اعلان بھی جلد ہی ہو سکتا ہے کہ وہ پٹنہ صاحب سے کانگریس امیدوار ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 Mar 2019, 12:09 PM