ممبئی: بینک کھاتے سے رقم نکالنے پہنچی ’لاش‘
مہلوک کامبلے کی بہن نے بتایا کہ اس کے والدین نے کئی دن بینک کے چکر لگائے لیکن انہیں پیسے نہیں دیے گئے۔ خاندان نے اسپتال میں داخل گنیش کامبلے کی تصویر بھی دکھائی تھی لیکن اس سے بھی کوئی فرق نہیں پڑا۔
ممبئی : مہاراشٹر میں پنجاب نیشنل بینک کی الہاس نگر شاخ میں ہر شخص اس وقت حیران رہ گیا جب کچھ لوگ اپنے خاندان کے ایک فرد کی لاش لے کر بینک کھاتے سے پیسے نکالنے کے لئے پہنچ گئے۔ بینک انتظامیہ سے خاندان نے یہ مطالبہ کیا کہ مہلوک کا پیسہ کھاتے سے نکال کر انہیں دے دیا جائے۔
خاندان کے افراد کے مطابق گنیش کامبلے کو دو مہینے سے فالج پڑا ہوا ہے اور وہ اسپتال میں داخل تھے۔ اس بیچ جب گنیش کامبلے کے علاج کے لئے انہیں رقم کی ضرورت پڑتی تو وہ پیسے نکالنے کے لئے بینک پہنچے لیکن بینک نے پیسے دینے سے یہ کہتے ہوئے انکار کر دیا کہ جس کا کھاتہ ہے اسی کے دستخط درکار ہیں۔ اسپتال میں گنیش کامبلے کے بے ہوش ہونے کے سبب ان کے خاندان کے افراد دستخط نہیں کرا سکے۔ اس دوران گنیش کی اسپتال میں موت واقع ہو گئی۔
مہلوک گنیش کامبلے کی بہن نے بتایا کہ اس کے والدین کئی دنوں تک بینک کے چکر لگاتے رہے لیکن بینک نے انہیں پیسہ نہیں دیا۔ انہوں نے اسپتال میں داخل گنیش کامبلے کی تصویر بھی دکھائی لیکن بینک نے ان کی کوئی بات نہیں سنی۔ گھر والوں کے مطابق بینک ملازمین نے کہا تھا کہ وہ دستخط لینے کے لئے اسپتال آئیں گے، لیکن وہ نہیں آئے۔ یہی وجہ ہے کہ گنیش کامبلے کی موت کے بعد ان کے خاندان کے افراد لاش لے کر بینک پہنچ گئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔