راجیو گاندھی کی شخصیت، عزائم اور قائدانہ صلاحیت کو ظاہر کرنے والی کچھ اہم حصولیابیاں
راجیو گاندھی کے دور میں 18 سال کے نوجوانوں کو حق رائے دہی حاصل ہوا اور نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے ملک کے ہر ضلع میں نوودیہ ودیالیوں کا نیٹ ورک بنایا گیا۔
آج سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی برسی ہے۔ 1991 میں آج کی ہی تاریخ یعنی 21 مئی کو شری پیرمبدور میں ان کا قتل کر دیا گیا تھا۔ انہیں وزیر اعظم کے طور پر ملک کی خدمت کرنے کے لئے ایک ہی مدت کار حاصل ہوئی، جسے کئی تاریخی اور دیرپا کارناموں کے لیے یاد رکھا جائے گا۔ راجیو گاندھی کے دور کی متعدد حصولیاباں ہیں جو ان کی شخصیت، عزائم اور قائدانہ صلاحیتوں کو ظاہر کرتی ہیں۔ آئیے چند ایک حصولیابیوں پر ڈالیں سرسری نظر۔
آئی ٹی کا انقلاب
راجیو گاندھی نے آئی ٹی انقلاب کی بنیاد رکھی، جس نے ہندوستان کو مکمل طور پر بدل دیا۔ انہوں نے ملک کو کمپیوٹر، ٹیلی کمیونیکیشن اور سافٹ ویئر کی ترقی کے دور میں داخل کیا۔ انہوں نے سماجی چیلنجوں کو حل کرنے کے لیے ٹیکنالوجی مشن شروع کیا، جس سے بہت سے فوائد حاصل ہوئے۔ مثال کے طور پر ہندوستان ویکسین کی تیاری میں عالمی رہنما بن گیا اور ہم پولیو جیسی بیماری سے آزاد ہو گئے۔
آئینی اداروں اور خواتین کی بااختیاری
راجیو گاندھی نے پنچایتوں اور بلدیاتی اداروں میں خواتین کو ایک تہائی ریزرویشن کے ساتھ آئینی حیثیت فراہم کرنے کی مہم کی ذاتی طور پر قیادت کی، جس کے بعد یہ ’خود حکمرانی‘ کے موثر اداروں کے طور پر ابھرے۔ ان اداروں کے لیے 1.4 ملین خواتین کا انتخاب ان کے عزم کے لیے اعزاز کے مترادف ہے۔
قیام امن کے معاہدے
راجیو گاندھی نے ہندوستان میں قیام امن کے لئے کافی کام کیا۔ ان کے دور میں آسام، پنجاب، میزورم اور دارجلنگ جیسے ملک کے شورش زدہ علاقوں میں امن بحال کرنے اور انہیں ترقی کی راہ پر واپس لانے کے لیے متعدد معاہدے کیے گئے۔
نوجوانوں کو حق رائے دہی
راجیو گاندھی کے دور میں 18 سال کے نوجوانوں کو حق رائے دہی حاصل ہوا۔ نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے ملک کے ہر ضلع میں نوودیہ ودیالیوں کا نیٹ ورک بنایا گیا اور سوامی وویکانند کی یوم پیدائش کو قومی یوم نوجوان کے طور پر منانے کا اعلان کیا گیا۔
ماحولیات کا تحفظ
راجیو گاندھی نے گنگا کی صفائی کے لیے 'گنگا ایکشن پلان' اور بنجر زمین پر جنگلات لگانے کے لیے 'نیشنل ویسٹ لینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ' قائم کیا۔ انہوں نے نے ماحولیات کے تحفظ کے لیے ایک جامع قانون بنایا۔ اس کے ساتھ ہی ان کے دور میں لبرلائزیشن کا عمل شروع کیا گیا۔ کانگریس کے منشور پر اس کی چھاپ تھی، جس نے 1991 کی اقتصادی اصلاحات کی راہ ہموار کی۔
موثر خارجہ پالیسی
راجیو گاندھی نے چین اور پاکستان کے ساتھ ہمارے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے اہم اقدامات کیے اور اقوام متحدہ کو عالمی اور مکمل جوہری تخفیف اسلحہ کے لیے ایک ایکشن پلان پیش کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔