کورونا کے سبب 21 جون کو کروکشیتر میں نہیں لگے گا ’سورج گہن میلہ‘
21 جون کو سورج گہن ہے لیکن اس موقع پر کروکشیتر میں سورج گہن میلہ کا انعقاد نہیں ہوگا۔ ہریانہ حکومت نے تاریخی شہر کروکشیتر میں لوگوں کی آمد پر پابندی عائد کرتے ہوئے کرفیو نافذ کر دیا ہے۔
کورونا وبا کی وجہ سے اس سال 21 جون یعنی اتوار کے دن پڑنے والے سورج گہن کے موقع پر کروکشیتر کے برھم سروور گھاٹ پر کسی پروگرام کا انعقاد نہیں ہو رہا ہے۔ لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس سال اماوسیا اور سورج گہن کے وقت پوجا کے لیے برھم سروور گھاٹ پہنچنے کی جگہ اپنے گھر پر ہی رہیں اور پوجا کریں۔
یہ بھی پڑھیں : محکمہ ڈاک لایا ہے گھر بیٹھے پیسے نکالنے کی سہولت
ہریانہ حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ ہندوستان میں 21 جون کو سورج گہن کا وقت صبح 10.20 بجے سے لے کر دوپہر 1.47 بجے تک رہے گا۔ لیکن حکومت نے اس سال کورونا وائرس کی وجہ سے سورج گہن میلہ پر کروکشتر میں کوئی اجتماعی تقریب منعقد نہ کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ کے ذریعہ 19 سے 21 جون تک برھم سروور، سنیہت سروور کے ایک کلو میٹر کے علاقہ میں قانون اور نظام امن بنائے رکھنے کے لیے فوری اثر سے دفعہ 144 نافذ کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ 19 جون کو رات 9 بجے سے لے کر 21 جون کو شام 4 بجے تک یہ کرفیو رہے گا۔
قابل ذکر ہے کہ سورج گہن کے موقع پر ملک و بیرون ملک سے بڑی تعداد میں عقیدت مند پتری دان اور غسل کرنے کے لیے کروکشیتر کے برھم سروور پہنچتے ہیں۔ حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلے میں پنجاب، ہماچل پردیش، دہلی، اتر پردیش اور مرکز کے ماتحت علاقہ چنڈی گڑھ کو مطلع کر دیا گیا ہے۔ نئی دہلی میں واقع مختلف ممالک کے سفارتخانوں کے سفیروں کو بھی ریاستی حکومت کے اس فیصلہ سے مطلع کرانے کے لیے کہا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کشمیر: کورونا میں مبتلا دو خواتین کی موت، کل تعداد 78 ہوئی
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔