سماجی دوریاں اہم لیکن سماجی ذمہ داریاں نبھانا بھی ضروری: فاروق عبداللہ
فاروق عبداللہ نے کہا کہ اگرچہ ہمیں سماجی دوری بنائے رکھنی ہے تاہم ہمیں سماجی ذمہ داریوں کی طرف بھی خصوصی توجہ دینی ہے
نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے جاری جدوجہد میں عوامی تعاون اور اشتراک کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس وبائی بیماری کا مقابلہ صرف اور صرف عوام پر منحصر ہے کیونکہ گھروں میں بیٹھ کر اور سماجی دوری بنانے سے ہی اس جان لیوا زنجیر کو توڑا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت، انتظامیہ اور دیگر معتبر اداروں کی طرف سے جاری کردہ رہنما خطوط پر عمل پیرا ہونے سے ہی اس وبائی بیماری سے بچا جاسکتا ہے اور اس مرحلے پر احتیاطی تدابیر سے ہی کورونا وائرس کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے کیونکہ ابھی تک اس بیماری کے لئے کوئی بھی دوائی یا ویکسین متعارف نہیں ہوا ہے۔
فاروق عبداللہ نے کہا کہ اگرچہ ہمیں سماجی دوری بنائے رکھنی ہے تاہم ہمیں سماجی ذمہ داریوں کی طرف بھی خصوصی توجہ دینی ہے اور ہمارے آس پڑوس میں رہنے والے ایسے کنبوں اور افراد کی مدد کے لئے پیش پیش رہنا ہے جن کا ذریعہ معاش لاک ڈاﺅن کی وجہ سے بند ہوگیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جس طرح سے گذشتہ دو ہفتوں کے دوران صاحب ثروت شخصیات، فلاحی اداروں، سیاسی ،سماجی و مذہبی تنظیموں اور نوجوانوں نے رضاکارانہ طور پر مفلسوں، حاجت مندوں اور مستحق افراد کی مدد و اعانت کی، وہ قابل سراہنا ہے۔ یہ کام آگے بھی مزید متحرک اور منظم طریقے پر جاری رہنا چاہئے اور حکومت کو بھی ایسے کنبوں و افراد تک فوری طور امداد پہنچانی چاہئے جن کا روز گار لاک ڈاﺅن کی وجہ سے بند ہوگیا ہے۔ اس کے علاوہ اُن دور دراز علاقوں تک غذائی اجناس، ادویات اور دیگر ضروریاتِ زندگی کی سپلائی پہچائی جانی چاہئے، جہاں کی سڑکیں تاحال بند پڑی ہیں۔
فاروق عبداللہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اللہ کے دربار میں نہایت ہی عاجزی اور انکساری کے ساتھ سربسجود ہوکر اس مہلک اور وبائی بیماری سے نجات کے لئے خصوصی دعاﺅں کا اہتمام کرے۔ ہمیں ہمیشہ اور ہر حال میں اللہ پر بھروسہ رکھنا چاہیئے کیونکہ وہی ہمارا رزاق ہے اور اُس کے دست قدرت میں ہماری موت و حیات ہے، اللہ ضرور ہمیں اس وبائی بیماری سے نجات دے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔