ہماچل پردیش کے بالائی علاقوں میں برف باری، منالی۔لیہ مارگ بند
اپریل کے مہینے میں ہونے والی برف باری سیب اور دیگر فصلوں کے لئے فائدہ مند سمجھی جاتی ہے۔ وہیں کلو ضلع کے سولنگ نالہ میں برف باری کے موقع پر سیاح تفریح کرتے ہوئے دیکھے گئے ہیں۔
شملہ: ہماچل پردیش میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں قبائلی علاقوں میں برف باری اور دارالحکومت شملہ سمیت میدانی علاقوں میں بارش ہونے اور درجہ حرارت میں کمی آنے سے جہاں گرمی سے راحت ملی ہے وہیں مشکلوں میں اضافہ بھی ہوا ہے۔ ریاست کے درج فہرست ذات وقبائل ضلع لاہول اسپیتی میں برف باری کے باعث متعدد گاڑیاں پھنس گئیں۔ ضلع کے گوندھلا کے نزدیک اتوار کی صبح بھینڈنالا میں برف باری کی وجہ سے منالی۔لیہ مارگ بند ہوگیا ہے۔
تاہم اس میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔ دوسری جانب رات کو بارالاچا سمیت متعدد علاقوں میں تقریباً پانچ فٹ کی تازہ برف باری کے باعث اسٹریٹجک اعتبار سے اہم منالی لیہ قومی شاہراہ تقریباً ایک ہفتہ کے لئے ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔ بارڈر روڈز آرگنائزیشن کے اہلکار اسٹیٹ ہائی وے کی بحالی کے لئے دن رات کوششیں کر رہے ہیں۔
اپریل کے مہینے میں ہونے والی برف باری سیب اور دیگر فصلوں کے لئے فائدہ مند سمجھی جاتی ہے۔ کلو ضلع کے سولنگ نالہ میں برف باری کے موقع پر سیاح تفریح کرتے ہوئے دیکھے گئے ہیں۔ روہتانگ میں اٹل سرنگ کے جنوبی سرے میں متعدد گاڑیوں کے پھسل جانے سے کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ لاہول جانے والی ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی ایک بس کو راستے میں برف باری کے باعث کلو لوٹنا پڑا۔
یہ بھی پڑھیں : مصر میں ٹرین کے پٹری سے اترنے سے 11 کی موت، 98 زخمی
سرحدی سروچو کے اندر بارالاچا اور دارچا میں تقریباً 150 ٹرک گزشتہ تیرہ دنوں سے پھنسے ہیں۔ ان میں سے 50 کے قریب ٹرک سبزیوں سے بھرے ہوئے ہیں۔ تقریبا پانچ لاکھ روپے تک کی سبزیاں ایک ٹرک میں لدی ہوئی ہیں۔ ٹرک آپریٹرز کا کہنا ہے کہ ان کا ڈھائی کروڑ روپے کا مال پھنسا ہوا ہے کیونکہ زیادہ تر سبزیاں سڑ چکی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔