کشمیر میں اگلے چار دنوں کے دوران برف و باراں کی پیش گوئی
محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں اگلے چار دنوں کے دوران برف و باراں کی پیش گوئی کرتے ہوئے کسانوں سے اس دوران فصل کٹائی کرنے سے اجتناب کرنے کی تاکید کی ہے
سری نگر: محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں اگلے چار دنوں کے دوران برف و باراں کی پیش گوئی کرتے ہوئے کسانوں سے اس دوران فصل کٹائی کرنے سے اجتناب کرنے کی تاکید کی ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے کہا کہ وادی میں جمعہ کی شام تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے جس کے بعد مطلع ابر آلود ہونے کے ساتھ رات کو کہیں کہیں بارشیں ہوسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 14 اکتوبر سے 17 اکتوبر تک پہاڑی علاقوں میں ہلکے سے درمیانی درجے کی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس دوران وادی کے بعض پہاڑی علاقوں میں بھاری برف باری کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا ہے۔
موصوف ترجمان نے کہا کہ برف وباراں کے باعث وادی کے درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ درج ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اس دوران زوجیلا، مغل روڈ، سنتھن ٹاپ سادھنا ٹاپ وغیرہ پر ٹریفک کی نقل و حمل متا ثر ہونے کا بھی امکان ہے۔محکمے نے کسانوں سے تاکید کی ہے کہ وہ 14 سے 18 اکتوبر تک فصل کٹائی سے اجتناب کریں۔
دریں اثنا سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت8.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وادی کے مشہور ترین سیاحتی مقام گلمرگ میں 6.6 ڈگری سینٹی گریڈ اور دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں 3.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔