’سرہانے رکھ کر سوتا تھا، ہٹانا بھول گیا‘، غازی پور ریلوے ٹریک پر لکڑی کا ٹکڑا رکھنے والا گرفتار

پولیس کا کہنا ہے کہ پکڑے گئے ملزم کو نشے کی عادت کے سبب اس کی بیوی اور بچے چار سال پہلے ہی چھوڑ چکے ہیں، پوچھ تاچھ میں اس نے بتایا کہ گھر سے الگ رہنے کے سبب وہ ریلوے برج کے نیچے رات گزارتا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>ریلوے ٹریک / آئی اے این ایس</p></div>

ریلوے ٹریک / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

گزشتہ دنوں غازی پور شہر کوتوالی کے زمانیہ ریلوے برج کے نیچے ریلوے ٹریک پر لکڑی کا ایک ٹکڑا پڑا ہوا تھا جو سوتنترتا سینانی سپر فاسٹ ایکسپریس کے انجن سے ٹکرا گیا تھا۔ اس سے پائپ پھٹ گئی تھی اور انجن فیل ہو گیا تھا۔ نتیجہ یہ ہوا تھا کہ ٹرین تقریباً ڈھائی گھنٹے تک ٹریک پر کھڑی رہی اور اس سے دیگر ٹرینوں کو بھی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ تازہ ترین خبروں کے مطابق لکڑی کا یہ ٹکڑا رکھنے والے ملزم کو پولیس نے آر پی ایف اور جی آر پی کی مدد سے زمانیہ رضا گنج ریلوے برج کے نیچے سے گرفتار کر لیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ لکڑی کے ٹکڑا کے ساتھ چلم بھی برآمد کی گئی ہے اور پورے معاملے کی تفتیش تیزی کے ساتھ جاری ہے۔

قابل ذکر ہے کہ غازی پور ستی اور غازی پور گھاٹ اسٹیشن کے درمیان 126/31 کلو میٹر کے پاس 16 ستمبر کو سوتنترتا سینانی سپرفاسٹ ایکسپریس کے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا تھا۔ اوڑیہار جنکشن سے نیا انجن لا کر اس ٹرین کو روانہ کیا گیا تھا اور پھر اس پورے معاملے کی تحقیقات شروع ہو گئی تھی۔ اس معاملے میں کوتوالی پولیس نے مقدمہ درج کر ملزم کی تلاش شروع کی تھی۔ پولیس ٹیم ٹریک کی نگرانی کرتے ہوئے زمانیہ رضا گنج ریلوے برج کے قریب پہنچی تو پل کے اوپر جھاڑی میں کسی شخص کے آنے کی آواز سنائی دی۔ اسی دوران ایک شخص ہاتھ میں لکڑی کا ٹکڑا لیے پل سے اتر کر ریلوے ٹریک کی طرف بڑھتا دکھائی دیا۔ پولیس نے گھیر کر اسے پکڑ لیا۔ پوچھ تاچھ میں اس نے اپنا نام آشیش گپتا بتایا۔


انچارج انسپکٹر دین دیال پانڈے کا کہنا ہے کہ پکڑے گئے ملزم کو نشے کی عادت ہے جس کی وجہ سے بیوی اور بچے نے چار سال پہلے ہی اسے چھوڑ دیا۔ پوچھ تاچھ میں اس نے بتایا کہ گھر سے الگ رہنے کے سبب وہ ریلوے برج کے نیچے ہی ایک گوشے میں رات گزارتا ہے۔ دیر رات تک گھومنے کے بعد اکثر رات میں پل کے نیچے نشہ کرنے کے بعد سو جاتا ہے۔ برج کے نیچے سوتے وقت وہ لکڑی کے ٹکڑے کو اپنے پاس رکھتا ہے، تاکہ کوئی جانور آنے پر اسے بھگایا جا سکے۔ اسی لکڑی کے ٹکڑے کو سر کے نیچے رکھ کر سو بھی جاتا ہے۔ اس نے اعتراف کیا کہ 16 ستمبر کو بھی وہ سرہانے لکڑی رکھ کر سو رہا تھا۔ نشہ زیادہ ہونے کے سبب لکڑی کو ٹریک سے ہٹائے بغیر ہی وہاں سے چلا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔