ہریانہ میں اسکول بس الٹنے سے 6 بچوں کی موت، چھٹی کے دن بھی اسکول کھلا تھا
ہریانہ کے مہندر گڑھ میں 6 بچوں کی موت ہو گئی۔ اسکول بس حادثہ کا شکار ہوئی۔ حادثے میں تقریباً دو درجن بچے زخمی ہوئے ہیں، جنہیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
ہریانہ کے مہندر گڑھ میں ایک ہولناک حادثہ پیش آیا جس میں 6 بچوں کی المناک موت ہو گئی۔ یہاں جمعرات کی صبح ایک اسکول بس بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ بس میں تقریباً 35 سے 40 بچے سوار تھے۔ حادثے کے بعد ان بچوں میں سے 6 کی حالت تشویشناک تھی اور انہیں قریبی اسپتال بھیجا گیا تاہم اس وقت تک 5 بچے دم توڑ چکے تھے۔ ان چھ میں سے ایک بچہ شدید زخمی تھا اور اسے علاج کے دوران وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔ تاہم کچھ عرصے بعد چھٹا بچہ بھی فوت ہوگیا۔
پولیس کے مطابق یہ حادثہ مہندر گڑھ ضلع کے کنینہ قصبے میں پیش آیا۔ حادثے کا شکار ہونے والی بس ایک پرائیویٹ اسکول کی تھی۔ حادثے میں تقریباً 15 بچے زخمی ہوئے ہیں۔ حادثہ کنینہ-دادری روڈ پر کنینہ قصبہ کے قریب پیش آیا۔
بتایا جا رہا ہے کہ حادثے کے بعد مقامی لوگ فوراً موقع پر پہنچ گئے۔ نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق مقامی لوگوں کا دعویٰ ہے کہ بس ڈرائیور نشے کی حالت میں تھا۔ کچھ دیر بعد پولیس اور انتظامیہ کی ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی اور ریسکیو آپریشن کے بعد زخمی بچوں کو علاج کے لیے اسپتال بھیج دیا۔ پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ مقامی لوگوں کے الزامات کے بعد پولیس اس بات کی بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ آیا بس ڈرائیور شراب کے نشے میں تھا یا نہیں۔
معلومات کے مطابق، حادثہ میں ملوث بس انہانی گاؤں کے قریب الٹ گئی۔ یہ بس نجی اسکول کی تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ آج سرکاری تعطیل کے موقع پر اسکول کا اہتمام کیا جا رہا تھا اور بچوں کو لینے کے لئےا سکول سے ایک بس بھیجی گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔