جموں و کشمیر: اونتی پورہ میں 6 ملی ٹنٹ معاونین گرفتار، بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد

اونتی پورہ پولیس نے 6 ملی ٹنٹ معاونین کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا ہے۔ پولیس کی تحقیقات جاری ہیں اور مزید گرفتاریاں متوقع ہیں

<div class="paragraphs"><p>یو این آئی</p></div>

یو این آئی

user

قومی آواز بیورو

سری نگر: جموں و کشمیر پولیس نے جنوبی کشمیر کے علاقے اونتی پورہ میں 6 ملی ٹنٹ معاونین کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا، ’’اونتی پورہ پولیس کو مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ جیش محمد سے وابستہ ایک کشمیری دہشت گرد، جو اس وقت پاکستان میں مقیم ہے، نوجوانوں کو ملی ٹنٹ صفوں میں شامل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ اس کے تحت نوجوانوں کو ہتھیار فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ دہشت گرد کارروائیاں انجام دے سکیں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ اس اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن ترال میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ بیان میں مزید بتایا گیا، ’’کیس کی تحقیقات کے دوران اس ماڈیول کے ساتھ وابستہ نوجوانوں کی نشاندہی کی گئی اور یہ معلوم ہوا کہ پاکستان میں مقیم دہشت گرد نے جیل میں بند ایک او جی ڈبلیو (اوور گراؤنڈ ورکر) کی مدد سے کئی نوجوانوں کی شناخت کی تھی جنہیں ترال اور کولگام میں ملی ٹنٹ صفوں میں شامل ہونے کی ترغیب دی جا رہی تھی۔‘‘


پولیس ترجمان نے کہا، ’’ان نوجوانوں کو ملی ٹنٹ کارروائیوں کے لیے پستول، گرینیڈ، اور آئی ای ڈیز فراہم کی گئیں اور انہیں ہدایت دی گئی کہ وہ مخصوص ہلاکتوں کے علاوہ سیکورٹی فورسز، عوامی مقامات اور غیر مقامی مزدوروں پر گرینیڈ حملے کریں۔‘‘

پولیس نے مزید بتایا کہ اس معاملے میں اب تک چھ ملی ٹنٹ معاونین کو گرفتار کیا جا چکا ہے جن کی نشاندہی پر بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ برآمد شدہ اسلحہ میں پانچ آئی ای ڈیز، 30 ڈیٹونیٹرز، آئی ای ڈیز کی سات بیٹریاں، دو پستول، تین پستول میگزین، پستول کی 25 گولیاں، چار ہینڈ گرینیڈ اور 20 ہزار روپے نقدی شامل ہیں۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔