مغربی بنگال میں مال گاڑی کے چھ ڈبے پٹری سے اتر گئے، کوئی جانی نقصان نہیں

مغربی بنگال کے علی پور دوار ضلع میں منگل کی صبح نیو مایناگوڑی اسٹیشن کے قریب ایک مال گاڑی کے چھ ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ خوش قسمتی سے، مال گاڑی خالی تھی اور کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

کولکاتا: مغربی بنگال کے علی پور دوار ضلع میں منگل کی صبح نیو مایناگوڑی اسٹیشن کے قریب ایک مال گاڑی کے چھ ڈبے پٹری سے اتر گئے۔ خوش قسمتی سے، مال گاڑی خالی تھی اور کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

رپورٹس کے مطابق، حادثے کے وقت مال گاڑی کی رفتار کافی کم تھی، جس کی وجہ سے کوئی بڑا نقصان نہیں ہوا۔ حادثے کے بعد ریلوے سروس میں کسی قسم کی رکاوٹ کی اطلاع نہیں ملی۔ موقع پر موجود عینی شاہدین نے بتایا کہ واقعہ کے دوران ٹرین کی رفتار سست تھی، اس لیے حادثے کے اثرات معمولی رہے۔

حادثے کی وجہ سے پٹری کے قریب دو بجلی کے کھمبے اور پانی کی پائپ لائن کو نقصان پہنچا۔ حادثے کے فوری بعد سینئر ریلوے حکام موقع پر پہنچے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ ریلوے ذرائع نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات کا ابھی تک پتا نہیں چل سکا، تاہم تحقیقات جاری ہیں۔


قابل ذکر ہے کہ 17 جون کو دارجلنگ ضلع کے رنگا پانی اسٹیشن کے قریب کنچن جنگا ایکسپریس اور ایک مال گاڑی کے درمیان تصادم میں 11 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ اس حادثے میں مال گاڑی نے کنچن جنگا ایکسپریس کو پیچھے سے ٹکر ماری تھی، جانی نقصان نہیں ہوا کیونکہ آخری دو ڈبے پارسل کوچ اور گارڈز کیریج تھے۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق مال گاڑی نے پیپر لائن کلئیر ٹکٹ (پی ایل سی ٹی) کے تحت اس علاقے میں 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی حد سے زیادہ رفتار سے سفر کیا، جہاں آٹو میٹک سگنلنگ سسٹم کام نہیں کر رہا تھا۔ زیادہ رفتار کی وجہ سے مال گاڑی کنچن جنگا ایکسپریس سے ٹکرا گئی تھی۔ 31 جولائی کو اسی مقام پر ایک اور مال گاڑی کے دو ڈبے پٹری سے اتر گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔