کورونا: ہندوستان میں بد سے بدتر حالات، ایک دن میں ریکارڈ 40 ہزار سے زیادہ معاملے درج
آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں اب تک کورونا وائرس کے 49247 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور اس وبا سے 1146 افراد کی موت ہوچکی ہے جبکہ 29845 مریض شفایاب ہوئے ہیں۔
نئی دہلی: ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہی دن میں کورونا وائرس کے ریکارڈ 40 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور جس سے متاثرہ افراد کی تعداد 11.18 لاکھ ہوگئی ہے۔ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے پیر کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 40425 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 1118043 ہوگئی جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد 681 سے بڑھ کر 27497 ہوگئی۔ اسی مدت کے دوران 22664 مریض صحت مند ہوچکے ہیں اور اب تک 700087 افراد کورونا سے شفایاب ہوئے ہیں۔ فی الوقت ملک میں کورونا وائرس کے 390459 فعال کیسز ہیں۔
ملک کی مختلف ریاستوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے حالات پر نگاہ ڈالیں تو سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹر ہے جہاں کورونا وائرس کے 9518 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 258 افراد کی موت ہوئی ہے۔ یہاں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 310455 اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد 11854 ہوگئی ہے جبکہ 169569 افراد وائرس سے شفایاب ہوئے ہیں۔
کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملہ میں ریاست تمل ناڈو ملک میں دوسرے مقام پر ہے جہاں 4979 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور اسی عرصہ کے دوران 78 افراد کی موت ہوگئی۔ مجموعی طور پر اس ریاست میں متاثرہ افراد کی تعداد 170693 اور مرنے والوں کی تعداد 2481 ہوگئی ہے۔ ریاست کے اسپتالوں سے 117915 افراد کو شفایابی کے بعد فارغ کردیا گیا ہے۔
قومی دارالحکومت دہلی میں کورونا وبا کی حالت اب کچھ کنٹرول میں ہے اور یہاں وائرس کے کیسز میں اضافے کی شرح میں قدرے کمی واقع ہوئی ہے۔ دارالحکومت میں کورونا سے اب تک 122793 افراد متاثر ہوئے ہیں اورہلاکتوں کی تعداد 3628 ہے۔ اب تک 103134 مریض جان لیوا وبا سے شفایاب ہوئے ہیں۔
جنوبی ہندوستان کی ریاست کرناٹک کورونا متاثرہ افراد کی تعداد کے لحاظ سے گجرات کو پیچھے چھوڑ کر چوتھے نمبر پر آگیا ہے۔ ریاست میں 63722 افراد وبا کا شکار ہوئے ہیں اور 1331 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، جبکہ 23065 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں۔ ملک کی مغربی ریاست گجرات وائرس متاثرین کے لحاظ سے پانچویں مقام پر ہے، لیکن اموات کی تعداد کے لحاظ سے یہ مہاراشٹر، دہلی اور تمل ناڈو کے بعد چوتھے نمبر پر ہے۔ گجرات میں 48355 افراد وائرس سے متاثر اور 2142 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ریاست میں 34901 افراد اس مہلک وبا سے شفایاب ہوئے ہیں۔
آبادی کے لحاظ سے ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش میں اب تک کورونا وائرس کے 49247 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور اس وبا سے 1146 افراد کی موت ہوچکی ہے جبکہ 29845 مریض شفایاب ہوئے ہیں۔ جنوبی ہندوستان کی ایک اور ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کے کیسز بہت تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ تلنگانہ میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 45076 پر پہنچ چکی ہے اور 415 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ اب تک 32438 افراد اس وبا سے شفایاب ہوئے ہیں۔ آندھرا پردیش میں متاثرہ افراد کی تعداد میں تیزی سے اضافے سے وہ سب سے زیادہ متاثرہ ریاستوں کی فہرست میں مغربی بنگال سے آگے نکل گیا ہے۔ ریاست میں 49650 افراد متاثر ہوئے ہیں اور اموات کی تعداد 642 ہوگئی ہے جبکہ 22890 افراد صحت مند ہوئے ہیں۔
مغربی بنگال میں42487 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 1112 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ اب تک 24883 افراد شفایاب ہوئے ہیں۔ راجستھان میں بھی کورونا وائرس متاثرین کی تعداد بڑھ کر 29434 ہوگئی ہے اور اب تک 559 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 21730 افراد پوری طرح سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔ ہریانہ میں 26164 افراد کورونا وائرس سے متاثر اور 349 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : متحدہ عرب امارات: مریخ پر مشن روانہ کرنے والا پہلا عرب ملک
جان لیوا کورونا وائرس سے مدھیہ پردیش میں 721، پنجاب میں 254، جموں و کشمیر میں 244، بہار میں 217، اڈیشہ میں 91، آسام میں 57، اتراکھنڈ میں 52، جھارکھنڈ میں 49، کیرالہ میں 42، پڈوچیری میں 28، چھتیس گڑھ میں 24، گوا میں 22، چنڈی گڑھ میں 12، ہماچل پردیش 11، تری پورہ میں پانچ، اروناچل پردیش میں تین، میگھالیہ، لداخ، دادرا نگر حویلی اور دمن دیو میں دودو افراد کی موت ہوچکی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔