یچوری کو جموں و کشمیر جانے کی مل گئی اجازت، جمعرات کو کریں گے دورہ
سی پی ایم جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری کو سپریم کورٹ نے اس بات کی اجازت دی ہے کہ وہ سری نگر جا کر اپنے دوست اور پارٹی لیڈر ایم وائی تریگامی سے ملاقات کریں۔
سپریم کورٹ نے کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی ایم) کے جنرل سکریٹری سیتا رام یچوری کو سری نگر جانے اور پارٹی رکن اسمبلی ایم وائی تریگامی سے ملاقات کی اجازت دے دی ہے۔ عدالت عظمیٰ سے اجازت ملنے کے بعد یچوری نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ جمعرات یعنی 29 اگست کو سری نگر کا دورہ کریں گے۔ اس سلسلے میں سیتا رام یچوری نے جموں و کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک کو خط بھی لکھا ہے۔
سیتا رام یچوری نے گورنر ستیہ پال ملک کو خط لکھ کر کہا ہے کہ ان کی پارٹی کے ایک اہم لیڈر ایم. وائی. تریگامی کی صحت ٹھیک نہیں ہے اس لئے انہیں اپنے ساتھ ایک معاون لے جانے کی اجازت دی جائے۔ یچوری نے یہ بھی کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ گورنر ملک اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ تریگامی سے ان کی ملاقات ہو کیونکہ گزشتہ مرتبہ جب وہ کشمیر گئے تھے تو انہیں ہوائی اڈے سے ہی واپس بھیج دیا گیا تھا۔
دراصل ائیر پورٹ سے واپس بھیجے جانے کے بعد ہی سیتا رام یچوری نے تریگامی کے حبس بے جا کی عرضی دائر کی تھی جس پر عدالت عظمیٰ نے آج فیصلہ سنایا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ یچوری تریگامی سے ملنے جا سکتے ہیں ملاقات کے بعد ان کی صحت کے بارے میں اپنی رپورٹ انہیں بھی سونپیں۔ چیف جسٹس نے یچوری سے یہ بھی کہا کہ ’’ہم آپ کو آپ کے دوست سے ملنے کی اجازت دیں گے، لیکن اس دوران کوئی دوسرا کام نہیں کر پائیں گے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔