بدلاپور واقعہ: کانگریس اور مہاوکاس اگھاڑی کی ریاست بھر میں خاموش احتجاجی تحریک

مجرموں پر پولیس کا کوئی خوف نہیں رہا ہےاور حکومت کو عوام اور بہنوں کی حفاظت کی کوئی فکر نہیں ہے، صرف ریاست کو لوٹنے کا کام جاری ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

یو این آئی

بدلاپور میں ہونے والا واقعہ انسانیت کو شرمسار کرنے والا ہے۔ یہ اطلاع ملی ہے کہ ان دو کمسن بچیوں پر 15 دنوں سے زیادتی ہو رہی تھی۔ ریاست کے مختلف علاقوں میں زیادتی کے واقعات ہو رہے ہیں، حکومت لڑکیوں اور خواتین کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے۔ حکومت اور انتظامیہ کی کوئی گرفت نہیں رہی، جس کے نتیجے میں اس طرح کے واقعات بڑھ رہے ہیں۔ اس کے لیے مکمل طور پر وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ ذمہ دار ہیں، اس لیے دونوں کو استعفیٰ دینا چاہیے، یہ مطالبہ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کیا ہے۔

بدلاپور میں کمسن بچیوں پر ہونے والے جنسی زیادتی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے مہاوکاس اگھاڑی نے مہایوتی حکومت کے خلاف ہڑتال کا اعلان کیا تھا، لیکن ممبئی ہائی کورٹ کے اس پر پابندی عائد کر دی۔ جس کے بعد اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے ریاست بھر میں سیاہ پٹیاں باندھ کر خاموش احتجاج کیا گیا۔ ریاستی کانگریس کے صدر نانا پٹولے، سی ڈبلیو سی رکن اور پردیش کانگریس کے کارگزار صدر نسیم خان، سابق وزیر جیتندر اوہاڑ، تھانے شہر ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر وکرانت چوہان، تھانے دیہی ضلع کے صدر دیانند چورگھے سمیت سینکڑوں عہدیداروں اور کارکنان نے شدید بارش میں تھانے کے گاندھی چوک پر احتجاج میں حصہ لیا۔


اسمبلی میں کانگریس کے سینئر لیڈر بالا صاحب تھوراٹ نے سنگم نیر میں احتجاج میں حصہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مہایوتی حکومت کے دور میں ریاست میں لا اینڈ آرڈر نام کی کوئی شئے باقی نہیں بچی ہے۔ مجرموں پر پولیس کا کوئی خوف نہیں رہا۔ حکومت کو عوام اور بہنوں کی حفاظت کی کوئی فکر نہیں ہے، صرف ریاست کو لوٹنے کا کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب اپنی ماؤں اور بہنوں کی حفاظت کے لیے اس حکومت کو ہٹانا ضروری ہو گیا ہے۔

ناگپور میں اپوزیشن لیڈر وجے ویڈیٹی وار، ایم ایل اے وکاس ٹھاکرے اور ایم ایل اے ابھیجیت ونجاری نے سنویدھان چوک پر خاموش احتجاج کیا۔ اس موقع پر ویڈیٹی وار نے کہا کہ ریاست میں خواتین پر مظالم کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور جنوری سے اب تک 2141 خواتین اور بچیوں پر ظلم ہوا ہے۔ وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ کے اضلاع میں ہی قانون و انتظامیہ کی حالت بدتر ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدلاپور واقعہ کو دبانے کی کوشش حکومت کی جانب سے کی گئی، لیکن ہائی کورٹ نے مہایوتی حکومت کو پھٹکار لگائی اور عوام کے احتجاج کے بعد کارروائی شروع ہوئی ہے۔ اس بگڑی ہوئی، چور، لٹیری اور ڈاکو حکومت کی مذمت کے لیے اور مجرموں کو جلد سے جلد پھانسی دیے جانے کے لیے یہ احتجاج ریاست بھر میں کیا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔