کرناٹک: ’نوجوانوں کو ملے گی معاشی و سماجی قوت‘، کانگریس حکومت کی پانچویں گارنٹی کا شاندار آغاز

وزیر اعلیٰ سدارمیا نے کہا کہ کانگریس حکومت نے غریبوں اور متوسط طبقہ کو معاشی و سماجی طور پر مضبوط بنانے کے مقصد سے عالمگیر بنیادی آمدنی کے اصولوں کے مطابق گارنٹی منصوبوں کو نافذ کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر @INCKarnataka</p></div>

تصویر @INCKarnataka

user

قومی آواز بیورو

کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارمیا نے سوامی وویکانند کے یومِ پیدائش پر جمعہ کو شیوموگا میں کانگریس حکومت کی پانچویں گارنٹی ’یوا ندھی‘ کا شاندار آغاز کیا۔ اس  منصوبہ کے تحت گریجویٹ بے روزگار نوجوانوں کو 3000 روپے اور ڈپلوما ہولڈر بے روزگار نوجوانوں کو 1500 روپے کی ادائیگی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ ’یوا ندھی‘ منصوبہ کے تحت بے روزگار نوجوانوں کو دو سال تک بھتہ دیا جائے گا۔ ساتھ ہی ہنر کی تربیت بھی دی جائے گی تاکہ مدت کے آخر میں انھیں روزگار حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔ وزیر اعلیٰ سدارمیا نے اس منصوبہ کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ’’سوامی وویکانند نے کہا تھا کہ وہ اس مذہب میں یقین نہیں کریں گے جو بھوکوں کو کھانا دستیاب نہیں کراتا۔ ان کی جینتی کے موقع پر یوا ندھی منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ نوجوان مایوس نہ ہوں اور انھیں مستقبل کے لیے مضبوط بنایا جا سکے۔‘‘


وزیر اعلیٰ سدارمیا نے کہا کہ ’’نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار اور میں نے رندیپ سرجے والا کے ساتھ مل کر انتخابی منشور میں کیے گئے وعدے کے مطابق سبھی پانچ گارنٹیوں کو نافذ کیا ہے اور 70 ہزار نوجوان مردوں و خواتین نے یوا ندھی منصوبہ کے تحت رجسٹریشن کیا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’آنجہانی وزیر اعظم راجیو گاندھی نے ہمیشہ اس ملک کےنوجوانوں کے لیے اچھے مستقبل کا خواب دیکھا تھا۔ ہماری حکومت ان کی امیدوں کو پورا کرنے کے راستے پر چلے گی۔ میں ہر نوجوان سے اس منصوبہ کے تحت رجسٹریشن کرنے اور اس کا فائدہ اٹھانے کی اپیل کرتا ہوں۔‘‘

اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے سدارمیا نے کہا کہ ’’آنجہانی وزیر اعظم راجیو گاندھی نے 1985 میں ملک میں سب سے پہلے وویکانند جینتی منانے کی روایت شروع کی تھی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ کانگریس حکومت نے غریبوں اور متوسط طبقہ کو معاشی و سماجی طور سے مضبوط بنانے کے مقصد سے عالمگیر بنیادی آمدنی کے اصولوں کے مطابق گارنٹی کو نافذ کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔