یو پی ایس سی ٹاپر شروتی شرما کو اوّل مقام حاصل کرنے کی امید نہیں تھی

شروتی شرما کا کہنا ہے کہ ٹاپ کرنے کی امید نہیں تھی، بس اتنا تھا کہ کلیئر ہو جائے گا، لیکن اب خوش ہوں اور ایک راحت بھی ہے کہ یو پی ایس سی کلیئر ہو گیا۔

شروتی شرما
شروتی شرما
user

قومی آواز بیورو

سول سروسز 2021 کے لیے یو پی ایس سی (یونین پبلک سروس کمیشن) کا ریزلٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ یو پی ایس سی کے اس امتحان میں شروتی شرما نے اوّل مقام حاصل کیا ہے۔ شروتی شرما نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹاپ کرنے کی امید نہیں تھی، بس اتنا تھا کہ کلیئر ہو جائے گا۔ لیکن اب خوش ہوں اور ایک راحت بھی ہے کہ پڑھائی پوری ہوئی کیونکہ نصاب میں پڑھنے کے لیے بہت زیادہ تھا اور پڑھائی کرتے وقت ٹائم کا بھی خیال نہیں رکھا۔ اب موقع ملا ہے تو خوش ہوں کہ ملک کی خدمت کروں گی۔

شروتی نے دوسری کوشش میں یو پی ایس سی کلیئر کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ اس کا کہنا ہے کہ پہلی کوشش میں فارم غلط بھر جانے کی وجہ سے ہندی میں پیپر دینا پڑا تھا اور ایک نمبر سے وہ پیچھے رہ گئی تھیں۔ وہ کہتی ہیں ’’اس بار انگریزی میں پیپر لکھا اور کلیئر ہو گیا۔ پاپا کو جب پتہ لگا تو بہت جذباتی ہوئے اور وہ دہلی واپس آ رہے ہیں۔ والدین کی خوشی دیکھ کر ہی مجھے سب سے زیادہ خوشی ہوئی ہے۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ یو پی ایس سی امتحان میں انکتا اگروال نامی خاتون امیدوار نے آل انڈیا سیکنڈ رینک حاصل کی ہے۔ تیسرا مقام گامنی سنگلا کو ملا اور چوتھے مقام پر بھی ایک خاتون امیدوار ہی ہے جس کا نام ہے ایشوریہ ورما۔ پانچویں مقام پر اتکرش دویدی ہیں۔ لڑکیوں کے بازی مارنے پر شروتی شرما نے کہا کہ لڑکیوں کو ہمیشہ بہتر ماحول نہیں مل پاتا، لیکن اب گاؤں اور شہروں میں والدین اپنی بیٹیوں کی حوصلہ افزائی کرنے لگے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ لڑکیاں آگے بڑھ رہی ہیں۔

واضح رہے کہ یو پی ایس سی ٹاپر شروتی نے دہلی یونیورسٹی کے سینٹ اسٹیفنس کالج اور جواہر لال نہرو یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی ہے۔ یو پی ایس سی امتحان کی کوچنگ انھوں نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے رہائشی کوچنگ اکادمی (آر سی اے) میں لی ہے۔ شروتی نے جامعہ کے اساتذہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ میں آر سی اے کا ایک بڑا تعاون رہا ہے، ایک اچھا ماحول دیا گیا اور ایک اچھے ٹیچرس کا فائدہ ملا۔ شروتی کہتی ہیں ’’طارق سر اور فاروقی سر نے مجھے بتایا کہ کس طرح پڑھائی کرنی ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔