بہار میں 54 آئی اے ایس افسران کی کمی، مرکزی حکومت کو کیا گیا مطلع
اسمبلی میں اے ایم آئی ایم رکن اختر الایمان کے سوال کا جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کی جانب سے جواب دیتے ہوئے وزیر بجندر پرساد یادو نے قبول کیاکہ ریاست میں 54 آئی اے ایس افسران کی کمی ہے۔
پٹنہ: بہار حکومت نے پیر کے روز اسمبلی میں قبول کیا کہ ریاست میں انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) کے 54 افسران کی کمی ہے اور اسے پر کرنے کیلئے مرکزی حکومت سے درخواست کی گئی ہے۔ اسمبلی میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے ایم آئی ایم) کے اختر الایمان کے سوال کا جنرل ایڈمنسٹریشن محکمہ کی جانب سے جواب دیتے ہوئے وزیر بجندر پرساد یادو نے قبول کیاکہ ریاست میں 54 آئی اے ایس افسران کی کمی ہے۔ بہار حکومت نے مرکزی حکومت سے سول سروس امتحان 2020 کی بنیاد پر 54 افسران کو الاٹ کرنے کی درخواست کی ہے۔ اس کے علاوہ پرموشن کوٹہ کے برخلاف سلیکشن سال 2018 کے 22، سلیکشن سال 2019 کے 15 اور سلیکشن سال 2020 کے سولہ عہدوں پر تقرری کی کاروائی زیر عمل ہے۔ انہوں نے کہاکہ کورونا کی وجہ سے اس میں تاخیر ہوئی ہے۔
اس سے قبل بجندر یادو نے کہاکہ بہار کیڈر کیلئے انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس کے 359 عہدے منظور ہیں۔ ان عہدوںمیں سینٹرل ڈیپوٹیشن کیلئے محفوظ 78 عہدے، ٹریننگ کیلئے محفوظ 6 عہدے، ریاستی ڈییپوٹیشن کیلئے محفوظ 48عہدے، جونیئر سطح کے 32 عہدے اور پرموشن کوٹہ کے 109 عہدے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں 202 آئی اے ایس افسران کام کر رہے ہیں۔ ان میں سے اعلیٰ تنخواہ (چیف سکریٹری سطح) میں11 افسران، پریمیم سے اوپر تنخواہ (پرنسپل سکریٹری سطح) میں 15، پریمیم تنخواہ (سکریٹری سطح) میں27، پریمیم سطح سے نیچے کی تنخواہ (اسپیشل سکریٹری، ایڈیشنل سکریٹری، جوائنٹ سکریٹری سطح) میں 118 اور جونیئر عہدے پر 31 افسران ہیں۔
اس کے علاوہ آئی اے ایس کے مختلف سطحوں میں 31 افسران سینٹرل ڈیپوٹیشن پر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فی الحال چودہ آئی اے ایس افسران کو ایک سے زائد محکموں کی اضافی ذمہ داری دی گئی ہے۔ریاست میں بحال آئی ایس افسران نظم ونسق اور ترقیاتی کاموں کو بہتر طور پر انجام دے رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔