شوپیاں: جیش محمد کمانڈر 'سجاد افغانی' بھی ہلاک

کشمیر زون پولیس کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر ایک ٹوئٹ میں کہا گیا کہ 'شوپیاں انکاؤنٹر میں جیش محمد کمانڈر سجاد افغانی کی ہلاکت پر آئی جی پی کشمیر نے شوپیاں پولیس اور سیکورٹی فورسز کو مبارکباد پیش کی ہے'۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: جنوبی ضلع شوپیاں کے راولپورہ میں ہفتے کو شروع ہونے والے ملی ٹنٹ مخالف آپریشن میں ایک اور ملی ٹنٹ مارا گیا ہے، جس کے ساتھ مارے جانے والے ملی ٹنٹوں کی تعداد بڑھ کر دو ہو گئی ہے۔ جموں و کشمیر پولیس نے پیر کو مارے جانے والے ملی ٹنٹ کی شناخت جیش محمد کے کمانڈر سجاد افغانی کے طور پر کی ہے۔ کشمیر زون پولیس کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر ایک ٹوئٹ میں کہا گیا کہ 'شوپیاں انکاؤنٹر میں جیش محمد کمانڈر سجاد افغانی کی ہلاکت پر آئی جی پی کشمیر نے شوپیاں پولیس اور سیکورٹی فورسز کو مبارکباد پیش کی ہے'۔ بتایا جا رہا ہے کہ ولایت لون عرف سجاد افغانی جیش محمد کا ضلع کمانڈر شوپیاں تھا۔

پولیس نے اتوار کو مارے جانے والے ملی ٹنٹ کی شناخت لشکر طیبہ سے وابستہ جہانگیر احمد وانی ولد مرحوم عبدالرحمان وانی ساکن رکھ نارہ پورہ شوپیاں کے طور پر کی تھی۔ پولیس نے یہ بھی کہا تھا کہ ملی ٹنٹ مخالف آپریشن کے دوران تین رہائشی مکانات میں آگ لگ گئی۔ سری نگر میں قائم فوج کی پندرہویں کور کے ترجمان نے بتایا تھا کہ مسلح تصادم کی جگہ سے ایک امریکی ساخت ایم فور کاربائن، اس کی تین میگزینیں، دھات کو چھید کر پار ہونے کی صلاحیت رکھنے والی گولیوں کے 36 راؤنڈز اور 9600 روپے نقدی برآمد ہوئی ہے۔


راولپورہ میں مسلح تصادم کی جگہ پر اتوار کو احتجاجیوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان شدید جھڑپیں بھی ہوئی تھیں جن میں کچھ احتجاجی نوجوان اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے پتھراؤ کرنے والے نوجوانوں کو منتشر کرنے کے لئے آنسو گیس کے گولے داغے اور پیلٹ بندوقوں کا استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں دو احتجاجی نوجوان پیلٹ لگنے سے زخمی ہوئے، جنہیں ضلع اسپتال شوپیاں سے سری نگر کے ایس ایم ایچ ایس اسپتال منتقل کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پتھراؤ کے دوران پولیس ہیڈ کانسٹیبل نذیر احمد سر میں پتھر لگنے سے زخمی ہوگئے۔ قبل ازیں سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شوپیاں کے راولپورہ علاقے میں ملی ٹنٹوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر پولیس، فوج کی 34 آر آر اور 14 بٹالین سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقے کو ہفتے کی شام محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔


انہوں نے بتایا کہ ایک مشتبہ جگہ کی طرف پیش قدمی کے دوران وہاں موجود ملی ٹنٹوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان مسلح تصادم چھڑ گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ محاصرے میں پھنسنے والے ملی ٹنٹوں کو بار بار خود سپردگی کی پیشکش کی گئی جو انہوں نے ٹھکرا دی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔