شوپیاں تصادم: مہلوک ملی ٹینٹ کشمیری پنڈت پورن اور غیر مقامی شہری کی ہلاکت میں ملوث تھے، اے ڈی جی پی وجے کمار کا بیان
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے بتایا کہ مہلوک ملی ٹینٹ کشمیری پنڈت پورن کرشن بٹ اور غیر مقامی شہری کے قتل میں براہ راست ملوث تھے۔
سری نگر: جنوبی ضلع شوپیاں کے جنگلی علاقے مجہ مرگ میں سیکورٹی فورسز نے ایک مختصر تصادم آرائی کے دوران تین ملی ٹینٹوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے بتایا کہ مہلوک ملی ٹینٹ کشمیری پنڈت پورن کرشن بٹ اور غیر مقامی شہری کے قتل میں براہ راست ملوث تھے۔ اطلاعات کے مطابق شوپیاں سے چودہ کلومیٹر کی دوری پر واقع جنگلی علاقے مجہ مرگ میں منگل اعلیٰ الصبح سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین مختصر گولیوں کے تبادلے میں تین مقامی ملی ٹینٹ مارے گئے۔
پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ حفاظتی عملے کو یہ اطلاع موصول ہوئی ہے کہ ملی ٹینٹ شوپیاں کے جنگلی علاقے مجہ مرگ میں چھپے بیٹھے ہیں تو پولیس اور سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طور پر فوراً اس علاقے کو محاصرے میں لے لیا اور اُنہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے کارروائی شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ فرار ہونے کے تمام راستے مسدود پا کر ملی ٹینٹوں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی، چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔ اُن کے مطابق کچھ عرصہ تک جاری رہنے والی اس جھڑپ میں تین مقامی جنگجو ہلاک ہوئے۔
کشمیر زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (اے ڈی جی پی) وجے کمار نے بتایا کہ شوپیاں کے مجہ مرگ گاوں میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے درمیانی شب اس گاوں کو محاصرے میں لے لیا۔ انہوں نے بتایا کہ منگل اعلیٰ الصبح سلامتی عملے نے جونہی مشتبہ مقام کی اور پیش قدمی شروع کی تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔ اُن کے مطابق سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں تین ملی ٹینٹ مارے گئے جن کی شناخت لطیف لون ساکن شوپیاں اور عمر نذیر ساکن اننت ناگ کے بطور ہوئی ہے۔
اے ڈی جی پی نے بتایا کہ مہلوک ملی ٹینٹ لطیف لون کشمیری پنڈت پورن کرشن بٹ کی ہلاکت میں ملوث تھا جبکہ عمر نذیر نامی ملی ٹینٹ غیر مقامی شہری بہادر تھاپا ساکن نیپال کی ہلاکت میں ملوث رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تصادم کی جگہ اسلحہ و گولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ دریں اثنا پولیس نے عوام سے پُرزور اپیل کی ہے کہ وہ جائے تصادم پر جانے سے تب تک گریز کیا کریں جب تک اسے پوری طرح سے صاف قرار نہ دیا جائے، کیونکہ پولیس اور دیگر سلامتی ادارے لوگوں کے جان و مال کی محافظ ہیں لہذا لوگوں کی قیمتی جانوں کو بچانے کے لئے پولیس ہر ممکن کوشش کرتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔