شوپیاں تصادم: ایک مزدور کی ہلاکت میں ملوث ملی ٹنٹ سمیت دو ملی ٹنٹ ہلاک، آپریشن جاری
مہلوک ملی ٹنٹوں میں سے ایک کی شناخت عادل احمد وانی کے بطور کی گئی ہے جو پلوامہ کے لتر علاقے میں ایک غریب مزدور کی ہلاکت میں ملوث تھا۔
سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے درگڈ علاقے میں بدھ کی صبح سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے درمیان چھڑنے والے مسلح تصادم میں دو ملی ٹنٹ ہلاک ہوئے ہیں جبکہ آپریشن ابھی جاری ہے۔ مہلوک ملی ٹنٹوں میں سے ایک کی شناخت عادل احمد وانی کے بطور کی گئی ہے جو پلوامہ کے لتر علاقے میں ایک غریب مزدور کی ہلاکت میں ملوث تھا۔
یہ بھی پڑھیں : وادی کشمیر کے مختلف اضلاع میں این آئی اے کے چھاپے
کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ شوپیاں تصادم میں ہلاک ہونے والے دو ملی ٹنٹوں میں سے ایک کی شناخت عادل احمد وانی کے بطور ہوئی ہے جو جولائی 2020 سے سرگرم تھا۔ انہوں نے بتایا کہ مہلوک ملی ٹنٹ پلوامہ کے لتر علاقے میں ایک غریب مزدور کی ہلاکت میں ملوث تھا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران اب تک 15 ملی ٹنٹوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
قبل ازیں پولیس کے ایک ترجمان نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ شوپیاں کے درگڈ علاقے میں تصادم آرائی کے دوران دو عدم شناخت ملی ٹنٹ ہلاک ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن ابھی جاری ہی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ملی ٹنٹوں کے چھپنے کی مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر پولیس، فوج اور سی آر پی ایف کی ایک مشترکہ ٹیم نے چیر باغ درگڈ کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے نے بتایا کہ جوں ہی تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم ایک مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے ملی ٹنٹوں نے اس پر فائرنگ شروع کر دی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔