شرمناک! اتر پردیش کے سنبھل میں ضمانت پر رِہا ملزم نے نابالغ متاثرہ کا گولی مار کر کیا قتل

پولیس کے مطابق حادثہ میں عصمت دری کا ایک ملزم رنکو ملوث ہے، عصمت دری کا معاملہ غازی آباد کے ایک پولیس تھانہ میں فروری ماہ میں درج کیا گیا تھا اور ملزم رواں ماہ کے شروع میں ضمانت پر باہر آیا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر یو این آئی</p></div>

علامتی تصویر یو این آئی

user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کے سنبھل میں ایک انتہائی شرمناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ عصمت دری کے ایک ملزم، جو کہ ضمانت پر جیل سے باہر آیا تھا، اس نے عصمت دری متاثرہ کا گولی مار کر قتل کر دیا ہے۔ پولیس نے ملزم اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔

ایڈیشنل پولیس سپرنٹنڈنٹ سریش چندر کا کہنا ہے کہ ’’کیلا دیوی تھانہ حلقہ میں 18 ستمبر کی شب ایک نابالغ لڑکی کا گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ اس معاملہ میں دو نوجوانوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید بتایا کہ اس حادثہ میں ایک ملزم رنکو (20 سال) عصمت دری کا ملزم ہے۔ عصمت دری کا یہ معاملہ غازی آباد کے ایک پولیس تھانہ میں فروری ماہ میں درج کیا گیا تھا اور ملزم رواں ماہ کے شروع میں ضمانت پر جیل سے باہر آیا تھا۔


متاثرہ کنبہ کے ذریعہ پولیس سے کی گئی شکایت کے مطابق نابالغ لڑکی جب اپنے بھائی اور ماں کے ساتھ موٹر سائیکل پر گھر واپس آ رہی تھی، تبھی اس کا گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ کنبہ کا الزام ہے کہ رنکو اور اس کے ساتھی نے انھیں راستے میں روکا اور گولی چلا دی۔ پولیس افسر نے کہا کہ ’’ہم گولی چلانے کے واقعہ کے سبھی پہلوؤں کی جانچ کر رہے ہیں۔ اس علاقے کا سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔