’وزیر اعظم کیئر فنڈ‘ نے چین اور پاکستان سے لیا عطیہ: سرجے والا

کانگریس کے جنرل سکریٹری سرجے والا نے ایک کے بعد ایک ٹوئٹ کرکے وزیر اعظم کیئر فنڈ پر سوالات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ آخر کیوں 27 ممالک میں ہندوستانی سفارت خانوں نے عطیات کے لئے مہم چلائی۔

 رندیپ سنگھ سرجے والا، تصویر یو این آئی
رندیپ سنگھ سرجے والا، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

ابتداء ہی سے وزیر اعظم کیئر فنڈ کے بارے میں ہر طرح کے شکوک و شبہات ہوتے رہے ہیں۔ سب سے بڑا سوال یہ تھا کہ جب وزیر اعظم کا ڈیزاسٹر ریلیف فنڈ پہلے سے موجود تھا تو پی ایم کیئر فنڈ کے نام پر نجی ٹرسٹ بنانے کی کیا ضرورت تھی اور اس میں سرکاری مشینری کا کیوں استعمال کیا گیا۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری رندیپ سنگھ سرجے والا نے ٹوئٹ کرکے اسی کا انکشاف کرتے ہوئے کئی سوالات کیے ہیں۔ انہوں نے ایک آر ٹی آئی کے حوالے سے بتایا کہ متعدد سفارت خانوں اور ہائی کمشنرز سے ملی اطلاع کے مطابق انہوں نے اپنی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پر وزیر اعظم کیئرس کے لئے مہم چلائی ہے۔ اس طرح سے پی ایم کیئر فنڈ کو چین، پاکستان اور قطر جیسے ممالک سے بھی چندہ ملا۔

سرجے والا نے دی کوئنٹ میں شائع ہونے والی رپورٹ کے حوالے سے کہا، "آر ٹی آئی سے حیران کن انکشاف ہوئے ہیں کہ 27 ممالک میں موجود ہندوستانی سفارت خانوں نے وزیر اعظم کی سربراہی میں وزیر اعظم کیئر فنڈ کے لئے مہم چلائی جس کی وجہ سے کافی تعداد میں چندہ آیا، جس کی مالیت ہزاروں کروڑ تھی۔" اس کے باوجود پی ایم کیئر فنڈ کو سی اے جی، آر ٹی آئی یا پھر آڈٹ کے دائرہ کار سے دور رکھا گیا۔


انہوں نے مزید کہا کہ "سفارت خانوں اور ہائی کمیشنوں نے اس پی ایم کیئر فنڈ کو اس طرح عام کیا کہ گویا یہ چندہ حکومت ہند کے لئے مانگا جا رہا ہے، جبکہ یہ نجی ٹرسٹ ہے اور اسے لے کر زبردست رازداری رکھی گئی ہے۔"

سرجے والا نے اس سے متعلق سیدھے سوالات پوچھے ہیں۔

  • وزیر اعظم کیئرز فنڈ کے لئے ہندوستانی سفارت خانوں نے کیوں مہم چلائی اور عطیہ لیا؟

  • پی ایم کیئرز فنڈ میں عطیہ کے لئے کالعدم چینی ایپس پر تشہیر کیوں کی؟

  • پاکستان سے پی ایم کیئرز فنڈ میں کتنی رقم آئی اور کس نے دی؟

  • قطر کی کون سی دو کمپنیاں ہیں جنہوں نے پی ایم کیئرز فنڈ میں چندہ دیا اور کتنی رقم وصول کی گئی؟

  • پی ایم کیئرز فنڈ کے لئے 27 ممالک سے کتنے ہزار کروڑ روپئے وصول ہوئے؟

  • کیا پی ایم کیئرز فنڈ ور NISSEIASB کے ساتھ کوئی ملی بھگت ہے اور کیا ان کی فیکٹری کے شروع ہونے میں پی ایم کیئرز فنڈ کا کوئی تعلق ہے؟

  • 27 ہندوستانی سفارت خانوں نے آخر 'کلوزڈ چینل' سے لے کر عوامی ڈومین سے پی ایم کیئرز فنڈ کے لئے چندہ کیوں نہیں لیا حالانکہ یہ فنڈ آر ٹی آئی کے تحت عوامی آتھارٹی نہیں ہے؟

  • حکومت نے پی ایم کیئرز فنڈ کو ایف سی آر اے کے دائرہ سے باہر کیوں رکھا؟

  • ہندوستان میں صرف اسی چیریٹی ٹرسٹ کو چھوٹ کیوں دی گئی؟ آخر اسے لے کر خصوصی انتظام کیوں ہیں؟

  • پی ایم کیئرز فنڈ ایک عوامی اتھارٹی کیوں نہیں ہے؟

  • پی ایم کیئرز فنڈ کا سی اے جی یا حکومت ہند کی کسی ایجنسی کے ذریعہ آڈٹ کیوں نہیں ہوسکتا ہے، تاکہ بیرون ملک سے وصول کی جانے والی رقم کے بارے میں معلومات سامنے آسکیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 Dec 2020, 2:10 PM