محبوبہ مفتی کو جھٹکا! پی ڈی پی کے شریک بانی مظفر حسین بیگ پارٹی سے مستعفیٰ
پی ڈی پی کو اس وقت جھٹکا لگا جب مظفر حسین بیگ نے ہفتہ کے روز پارٹی کو خیرباد کہہ دیا، مظفر حسین بیگ جموں کشمیر میں ہو رہے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے انتخابت میں سیٹوں کی تقسیم سے ناراض تھے
سرینگر: جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کو اس وقت جھٹکا لگا جب مظفر حسین بیگ نے ہفتہ کے روز پارٹی کو خیرباد کہہ دیا۔ مظفر حسین بیگ پی ڈی پی کے شریک بانی ہیں اور ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ رہ چکے ہیں۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق مظفر حسین بیگ جموں کشمیر میں ہو رہے ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی) کے انتخابت میں سیٹوں کی تقسیم سے ناراض تھے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق بیگ نے پی ڈی پی کی سرپرست محبوبہ مفتی کو پارٹی چھوڑنے کے فیصلہ سے آگاہ کر دیا ہے۔
کشمیر عظمیٰ کی رپورٹ کے مطابق مظفر حسین بیگ نے پارٹی سے علیحدگی اختیار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی بنیادی اصولوں سے ہٹ کر اقتدار کے لئے لوگوں کے مستقبل سے کھیل رہی ہے، جس کے باعث اسکی حیثیت اب ’بی ٹیم‘ سے گھٹ کر ’ڈی ٹیم‘ کی رہ گئی ہے۔
مظفر حسین بیگ نے الزام عائد کیا کہ حال ہی میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے مشترکہ پلیٹ فارم ’عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ‘ (پی اے ڈی جی) میں پنچوں،سر پنچوں اور ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل انتخابات کے حوالے سے نشستوں کی تقسیم پر جو فیصلہ لیا گیا اس میں پی ڈی پی کو مکمل طور نظر انداز کیا گیا ہے جبکہ نیشنل کانفرنس کو ہر ایک علاقے میں اچھی خاصی نمائندگی دی گئی ہے۔ اس سے نہ صرف پی ڈی پی کو انتہائی نقصان ہوگا بلکہ یہ عمل پارٹی اصولوں کے خلاف بھی ہے۔
مظفر حسین کا کہنا تھا کہ پارٹی اصولوں کے مطابق ہر ایک سیاسی پارٹی کے ساتھ ساتھ ہر ایک علاقے کو برابری کی بنیاد پر سیٹیں فراہم کرنی چاہئیں تھیں لیکن حیرت انگیز طور پر ایسا نہیں کیا گیا اور یہ سب کچھ ہماری پارٹی کے مفاد میں بھی نہیں ہے۔ بیگ نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ حال ہی میں ’پی اے جی ڈی‘ کے مشترکہ اجلاس میں جب سیٹوں کی تقسیم کا فیصلہ لیا گیا تو پارٹی نے انہیں اس حوالے سے اعتماد میں نہیں لیا۔
انہوں نے کہا کہ مختلف سیاسی پارٹیوں کے مشترکہ پلیٹ فارم میں پارٹی لیڈروں کے درمیان جو بات چیت ہوتی ہے وہ جموں کشمیر کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے نہیں بلکہ صرف اور صرف پاور کے لئے کی جا رہی ہے۔ مظفر حسین بیگ نے مزید بتایا کہ میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور عمر عبداللہ کے ساتھ ساتھ پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کی بہت عزت کرتا ہوں اور گزشتہ شام انہوں نے پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کو فون پر بتایا کہ’’ میں پارٹی کے سرپرست اعلی کے عہدے کے علاوہ بنیادی رکنیت سے مستعفی ہو رہا ہوں‘‘۔
مظفر حسین بیگ نے کہا کہ میں دوستوں اور دیگر سیاسی کارکنوں سے مشورہ کرنے کے بعد ہی مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں اعلان کروں گا۔ ذرائع کے مطابق بیگ اتوار کے روز اپنے کچھ لیڈروں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں اس مکمل صورت حال کے بارے میں جانکاری دینے والے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔