بی آر ایس کو جھٹکا! تلنگانہ قانون ساز کونسل کے 6 ارکان کانگریس میں شامل، وزیر اعلیٰ ریڈی نے کیا استقبال

بی آر ایس لیڈران وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی کی موجودگی میں کانگریس میں شامل ہوئے۔ گزشتہ سال اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس کی شکست کے بعد سے 6 ارکان اسمبلی سمیت متعدد لیڈر پارٹی چھوڑ چکے ہیں

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

حیدرآباد: تلنگانہ میں اپوزیشن پارٹی بھارت راشٹر سمیتی (بی آر ایس) کو اس وقت بڑا جھٹکا لگا جب اس کے قانون ساز کونسل کے 6 ارکان نے جمعرات کی رات دیر گئے وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی کی موجودگی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کر لی۔ گزشتہ سال اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس کی شکست کے بعد سے 6 ارکان اسمبلی سمیت متعدد لیڈر پارٹی چھوڑ چکے ہیں۔

کانگریس پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ بی آر ایس کے 6 ایم ایل سی (ممبران قانون ساز کونسل) جنہوں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے ان میں دانڈے وٹھل، بھانو پرساد راؤ، ایم ایس پربھاکر، بوگراپو دیانند، یگے ملیشم اور بسواراجو سرایا شامل ہیں۔

بی آر ایس کے 6 قانون ساز کونسل ارکان نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کی رہائش گاہ پر کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ اس دوران تلنگانہ میں پارٹی امور کی اے آئی سی سی انچارج دیپا داس منشی اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔


تلنگانہ قانون ساز کونسل کی ویب سائٹ کے مطابق، فی الحال بی آر ایس کے 25 ارکان ہیں اور کانگریس کے چار ارکان ہیں۔ 40 رکنی قانون ساز کونسل میں چار نامزد ارکان بھی ہیں، دو آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) سے، ایک ایک بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور پی آر ٹی یو اور ایک آزاد رکن، جبکہ دو نشستیں خالی ہیں۔

جمعرات کی رات ریونت ریڈی کے قومی دارالحکومت کے دو روزہ دورے سے واپس آنے کے فوراً بعد یہ ارکان کانگریس میں شامل ہو گئے۔ بی آر ایس کے چھ قائدین کی کانگریس میں شمولیت کے ساتھ ہی تلنگانہ قانون ساز کونسل میں کانگریس ارکان کی تعداد بڑھ کر 10 ہو گئی ہے۔

گزشتہ سال تلنگانہ میں ہوئے اسمبلی انتخابات کے بعد بی آر ایس کے 6 ارکان اسمبلی کانگریس میں شامل ہو گئے تھے۔ کہا جا رہا ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید ایم ایل اے حکمران پارٹی میں شامل ہو سکتے ہیں۔


یاد رہے کہ بی آر ایس نے اسمبلی انتخابات میں کل 119 اسمبلی سیٹوں میں سے 39 پر کامیابی حاصل کی، جب کہ کانگریس نے 64 سیٹیں جیت کر اقتدار حاصل کیا۔

سکندرآباد کنٹونمنٹ سیٹ سے بی آر ایس ایم ایل اے جی لسیا نندیتا کی اس سال کے شروع میں ایک سڑک حادثے میں موت ہو گئی، جس کے بعد کانگریس نے اس سیٹ سے ضمنی انتخاب جیتا۔ اس کے ساتھ ہی کانگریس ایم ایل اے کی تعداد 65 ہو گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔