وِکاس کے بعداب ماما بھی پاگل ہورہے ہیں:کانگریس
امریکہ دورہ کے دوران مدھیہ پردیش کی سڑکوں کو امریکہ کی سڑکوں سے بہتر بتانا مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان کے لیے مصیبت بن گیا ہے۔ اس بیان کے بعد سوشل نیٹورکنگ سائٹس پر نہ صرف ان کا مذاق بن گیا ہے بلکہ انھیں جھوٹا ثابت کرنے کے لیے مدھیہ پردیش کی خستہ حال سڑکوں کی تصاویر بھی ڈال دی گئی ہیں۔ اتنا ہی نہیں کانگریس نے تو یہاں تک کہہ دیا ہے کہ ’’وکاس کے بعد اب ماما بھی پاگل ہو رہے ہیں۔‘‘
شیو راج کا بیان جیسے ہی ٹی وی چینلوں پر نشر ہوا مدھیہ پردیش کی اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس کے لیڈروں نے سڑکوں سے متعلق چوہان پر حملہ تیز کر دیا۔ یکے بعد دیگرے کئی لیڈروں نے ٹوئٹ کے ذریعہ چوہان پر جھوٹ بولنے کا الزام عائد کیا اور ریاست کی حقیقت ان کے سامنے رکھ دی۔ کانگریس کے ریاستی صدر ارون یادو نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’شیو راج چشمہ یہیں بھول گئے یا جملوں کی خماری اتری نہیں؟ وِکاس کے بعد اب ماما بھی پاگل ہو رہے ہیں۔‘‘ انھوں نے شیو راج کے اسمبلی حلقہ بُدھنی کی پانی سے بھری سڑکوں کا ایک ویڈیو بھی شیئر کیا ہے۔ ارون یادو نے ایک دیگر سیلاب سےمتاثرہ سڑک کی تصویر بھی پوسٹ کی جس میں وزیر اعلیٰ چوہان کو دو پولس افسر اٹھائے ہوئے ہیں۔ اس تصویر کے ساتھ انھوں نے لکھا کہ ’’ماما، حکومت سڑک پر اترے گی تبھی تو جان پائے گی کہ مدھیہ پردیش کی سڑکیں بہتر ہیں یا واشنگٹن کی۔‘‘
مدھیہ پردیش اسمبلی میں حزب مخالف لیڈر اجے سنگھ کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ چوہان نے امریکہ میں جا کر جھوٹ بولا ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ کی سڑکوں سے مدھیہ پردیش کی سڑکوں کو بہتر بتانا جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں۔ دوسری طرف ممبر پارلیمنٹ اور کانگریس لیڈر جیوترادتیہ سندھیا نے بھی ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’کوئی ان کی آنکھوں سے پٹی اتارے۔ شیو راج سنگھ چوہان جی آنکھیں کھولیے اور سچ کا سامنا کیجیے۔ یہ ہے حقیقت۔‘‘
شیوراج سنگھ چوہان کا بیان اس لیے بھی چہار جانب سے مذاق بن گیا ہے کیونکہ اعداد و شمار جو حقیقت کوسامنے لاتے ہیں وہ مدھیہ پردیش کی سڑکوں کی پول کھولنے کے لیے کافی ہیں۔ 2015 کے این سی آر بی کے اعداد و شمار کے مطابق مدھیہ پردیش میں روزانہ 112 سڑک حادثات ہوتے ہیں جن میں روزانہ 27 لوگوں کی جان چلی جاتی ہے۔ اتنا ہی نہیں، ملک میں سڑک حادثات کے معاملے میں مدھیہ پردیش چوتھے مقام پر ہے۔ ریاست میں سڑکوں پر ہو رہے ان حادثات کی وجہ خراب سڑکیں بھی ہیں، یہی سبب ہے کہ شیو راج کا بیان سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگ ایم پی روڈس ٹرینڈ کرنے لگا۔
اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمالکریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 25 Oct 2017, 8:06 PM