تمل ناڈو کے گورنر کے خلاف متنازعہ بیان دینے والے شیواجی کرشن مورتی کو ڈی ایم کے نے کیا معطل

ڈی ایم کے نے ہفتہ کے روز کہا کہ گورنر آر این روی کے سلسلے میں شیواجی کرشن مورتی کے تبصرہ کے پیش نظر انھیں عارضی طور پر پارٹی سے معطل کر دیا گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>شیواجی کرشن مورتی</p></div>

شیواجی کرشن مورتی

user

قومی آواز بیورو

تمل ناڈو کے گورنر آر این روی سے متعلق متنازعہ بیان دینے والے ڈی ایم کے لیڈر شیواجی کرشن مورتی کو پارٹی نے معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ڈی ایم کے نے ہفتہ کے روز کہا کہ گورنر آر این روی کے سلسلے میں شیواجی کرشن مورتی کے تبصرہ کے پیش نظر انھیں عارضی طور پر پارٹی سے معطل کر دیا گیا ہے۔ شیواجی کرشن مورتی کے خلاف پولیس تھانہ میں شکایتیں بھی دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ شیواجی کرشن مورتی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اگر گورنر اسمبلی میں اپنی تقریر میں امبیڈکر کا نام لینے سے انکار کرتے ہیں تو کیا مجھے ان پر حملہ کرنے کا حق نہیں ہے؟ اگر آپ (گورنر) تمل ناڈو حکومت کی طرف سے دی گئی تقریر کو نہیں پڑھتے ہیں تو کشمیر جائیے، ہم دہشت گرد بھیجیں گے تاکہ وہ آپ کو گولی مار دیں۔


ڈی ایم کے لیڈر کے اس بیان پر زبردست ہنگامہ پیدا ہو چکا ہے۔ گورنر کو نشانہ بناتے ہوئے قابل اعتراض اور دھمکی آمیز تقریر کے الزام میں تمل ناڈو راج بھون اور بی جے پی نے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے پولیس کو الگ الگ شکایتیں دی ہیں۔ راج بھون نے چنئی پولیس کمشنر شنکر جیوال کو دی گئی اپنی شکایت میں کہا کہ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں شیواجی کرشن مورتی نے گورنر روی کے خلاف مبینہ طور پر انتہائی ہتک آمیز، قابل اعتراض اور دھمکی بھری زبان کا استعمال کیا ہے۔

جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے بھی ڈی ایم کے لیڈر کے بیان پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ عمر عبداللہ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’ہم ڈی ایم کے کے اپنے دوستوں سے ایسے بیان اور دھمکی کی امید نہیں کرتے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔