شیو سینا کا انتخابی نشان گنوانے کے بعد ادھو ٹھاکرے نے طلب کیا ہنگامی اجلاس، ارکان اسمبلی اور ارکان پارلیمنٹ رہیں گے موجود
ادھو ٹھاکرے نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بہت سی مثالیں دیکھی ہیں کہ عدلیہ کس طرح دباؤ میں آئی، لیکن یہ فیصلہ بہت غیر متوقع ہے۔
ممبئی: الیکشن کمیشن کی جانب سے شیو سینا کا نام اور انتخابی نشان ’تیر اور کمان‘ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کو فراہم کر کے ادھو ٹھاکرے دھڑے کو جھٹکا دیئے جانے کے بعد ادھو ٹھاکرے نے آج (18 فروری) کو پارٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔ اس اجلاس میں تمام ارکان اسمبلی، ارکان پارلیمنٹ اور لیڈران شرکت کریں گے۔ یہ اجلاس دوپہر ایک بجے ادھو ٹھاکرے کی رہائش ’ماتوشری‘ میں منعقد ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق ایکناتھ شندے کو شیوسینا کا نام الیکشن کمیشن کی ناجب سے فراہم کئے جانے کے بعد ادھو ٹھاکرے کی طرف سے طلب کئے گئے ہنگامی اجلاس کے دوران آگے کی حکمت عملی طے کئے جانے کا امکان ہے۔ اجلاس میں شرکت کے لئے تمام ارکان اسمبلی اور ارکان پارلیمنٹ فوری طور پر ممبئی روانہ ہو گئے ہیں۔
خیال رہے کہ مہاراشٹر کے اقتدار کی کشمکش پر سپریم کورٹ میں 21 فروری سے باقاعدہ سماعت شروع ہوگی۔ ادھو ٹھاکرے نے مطالبہ کیا تھا کہ الیکشن کمیشن عدالت کے فیصلے سے پہلے فیصلہ نہ دے۔ انہوں نے سوال کیا کہ الیکشن کمیشن کو عدالت کے فیصلے سے پہلے فیصلہ دینے میں اتنی جلدی کیوں تھی؟ اس معاملے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے ادھو ٹھاکرے نے مزید کہا کہ ہم الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف جلد از جلد سپریم کورٹ سے رجوع کریں گے۔
ادھو ٹھاکرے نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے کہا ’’ہم نے بہت سی مثالیں دیکھی ہیں کہ عدلیہ کس طرح دباؤ میں آئی، لیکن یہ فیصلہ بہت غیر متوقع ہے، کیونکہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں تقریباً 6 ماہ سے زیر سماعت ہے۔ اب اس کی مسلسل سماعت شروع ہونے جا رہی ہے۔ ہم نے مطالبہ کیا تھا کہ الیکشن کمیشن نتائج آنے تک کوئی فیصلہ نہ دے۔ کل کا نتیجہ جمہوریت کے لیے بہت خطرناک ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔