مہاراشٹر: پانچ سے چھ دنوں میں پورا ہو جائے گا حکومت سازی کا عمل... شیوسینا
شیوسینا لیڈر سنجے راؤت نے کہا کہ مہاراشٹر میں حکومت تشکیل معاملے کو لے کر گزشتہ 15-10 دنوں میں جو بھی رکاوٹیں تھیں، وہ اب نہیں ہیں۔ جمعرات کی دوپہر تک تصویر صاف ہو جائے گی۔
مہاراشٹر میں حکومت تشکیل کو لے کر ایک بار پھر ہلچل تیز ہو گئی ہے۔ شیوسینا کی جانب سے حکومت تشکیل کو لے کر بڑا بیان آیا ہے۔ شیوسینا کے لیڈر سنجے راؤت نے کہا کہ ’’حکومت بنانے کا عمل اگلے پانچ چھ دنوں میں پورا ہو جائے گا اور دسمبر سے پہلے مہاراشٹر میں ایک مقبول اور مضبوط حکومت تشکیل دی جائے گی۔ اس کا عمل جاری ہے۔‘‘
سنجے راؤت نے آگے کہا کہ ’’مہاراشٹر میں حکومت تشکیل کو لے کر گزشتہ 15-10 دنوں میں جو بھی رکاوٹیں تھیں، وہ اب نہیں ہیں۔ جمعرات دوپہر 12 بجے تک آپ کو پتہ چل جائے گا کہ سبھی رخنات دور ہو گئے ہیں۔ جمعرات دوپہر تک تصویر صاف ہو جائے گی۔‘‘
این سی پی سربراہ شرد پوار آج پی ایم مودی سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات پر سوال کھڑے کرنے والوں کو بھی سنجے راؤت نے جواب دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’کیا اگر وزیر اعظم سے کوئی ملتا ہے تو کھچڑی پکتی ہے؟ پی ایم پورے ملک کے ہیں۔ مہاراشٹر میں کسان پریشان ہیں۔ پوار اور ادھو صاحب ہمیشہ کسانوں کے لیے سوچتے ہیں۔‘‘
شیوسینا لیڈر نے کہا کہ ’’ہم نے پوار صاحب سے گزارش کی ہے کہ وہ ریاست کی حالت کے بارے میں پی ایم کو جانکاری دیں۔ مہاراشٹر کے سبھی اراکین پارلیمنٹ پی ایم سے ملیں گے اور انھیں کسانوں کی حالت کے بارے میں بتائیں گے۔ ہم یہ یقینی بنانے کی کوشش کریں گے کہ مرکز کسانوں کو زیادہ ممکن مدد کرے۔‘‘
مہاراشٹر کے کسانوں کے ایشو پر این سی پی سربراہ شرد پوار آج پارلیمنٹ میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے، اس بات کی تصدیق این سی پی نے بھی کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔