سلمان خان کے بعد سنجے راؤت کو لارنس گینگ کی جان سے مارنے کی دھمکی، کہا- ’موسیٰ والا جیسا حال کر دیں گے!‘

سنجے راؤت نے دھمکی دئے جانے کی تصدیق کی ہے، اس سلسلہ میں ایک شخص کو حراست میں لیا گیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے

سنجے راؤت، تصویر یو این آئی
سنجے راؤت، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

ممبئی: شیو سینا کے ادھو ٹھاکرے دھڑے کے لیڈر اور رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت کو جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سنجے راؤت کو یہ دھمکی فون پر پیغام بھیج کر دی گئی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ انہیں لارنس بشنوئی کے نام سے دھمکی دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق دھمکی آمیز پیغام میں سنجے راؤت سے کہا گیا ہے کہ ان کا پنجابی گلوکار سدھو موسی والا کی طرح قتل کر دیا جائے گا! این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سنجے راؤت نے فون پر اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انہیں دھمکی دی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق دھمکی میں کہا گیا ’’تو دہلی میں ملا تو تجھے اے کے 47 سے اڑا دوں گا، موسی والا ہو جائے گا۔ لارنس کی طرف سے پیغام ہے، سلمان اور تو فکس، تیار کر کے رکھنا۔‘‘

سنجے راؤت نے کہا کہ انہوں نے رات میں ہی ممبئی پولیس کو دھمکی ملنے کی اطلاع دے دی تھی۔ پولیس نے ایک شخص کو حراست میں لیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ سنجے راؤت نے کہا ’’میرے فون پر دھمکی دی گئی ہے اور میں نے اس کے بارے میں پولیس کو بتا گیا ہے لیکن یہ حکومت سنجیدہ نہیں ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اگر وہ سچ بولنے پر آ گئے تو زلزلہ آ جائے گا!


سنجے راؤت نے مزید کہا ’’اس سے قبل جب میں نے دھمکی کے بارے میں اطلاع دی تھی تو وزیر داخلہ نے کہا تھا کہ یہ تو اسٹنٹ ہے۔ دراصل، اپوزیشن لیڈران کی حفاظت کے تئیں یہ حکومت سنجیدہ نہیں ہے۔ لیکن مجھے اس سے فرق نہیں پڑتا۔ یہاں تک کہ جب میری سکورٹی میں تخفیف کی گئی، اس وقت بھی میں نے کوئی مکتوب روانہ نہیں کیا۔‘‘

اس سے قبل اداکار سلمان خان کو بھی لارنس گینگ کی جانب سے جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔ ممبئی پولیس نے اس معاملے میں کیس درج کرنے کے بعد سلمان خان کی سیکورٹی بڑھا دی تھی۔ سلمان خان کو پہلے ہی لارنس بشنوئی گینگ کی طرف سے دھمکی دی گئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 01 Apr 2023, 11:11 AM