’ٹھیک سے سانس لینے دو، ابھی کابینہ کی تشکیل کے لئے وقت درکار ہے‘، شندے

مہاراشٹر میں سیاسی ہلچل کے بعد وزیر اعلی ایکناتھ شندے کی قیادت والی حکومت نے اکثریت حاصل کر لی ہےاور اب اگلا بڑا مسئلہ کابینہ کی تشکیل ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے پیر کو کہا ہے کہ انہیں وزارتوں کی تقسیم پر کچھ وقت درکار ہے جس کے بعد وہ اور نائب وزیر اعلی دیویندر فڈنویس اس پر بات کریں گے۔ شندے کی قیادت والی نئی حکومت نے پیر کو ریاستی اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کر دی۔ شندے نے کہا، ’’اب ہمیں ٹھیک سے سانس لینے دو۔ یہ ہمارے لیے بہت مشکل وقت رہا ہے۔ میں اور دیویندر فڈنویس بیٹھ کر کابینہ کے قلمدانوں اور ان کی تقسیم پر تبادلہ خیال کریں گے۔ ہم اس کے لیے بی جے پی کے قومی رہنماؤں کی رضامندی بھی لیں گے۔‘‘ شندے نے کہا، ’’پچھلے کچھ دنوں میں ہم بہت ہنگاموں سے گزرے ہیں اور اب ہمیں خاندان کے ساتھ گزارنے کے لیے کچھ وقت درکار ہے۔‘‘

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رہنما اور سابق نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کو مہاراشٹرا قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن کا نیا لیڈر منتخب کیا گیا ہے۔ریاستی صدر اور این سی پی لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر جینت پاٹل نے ایوان میں اجیت پوار کے نام کی تجویز کا اعلان کیا۔ 62 سالہ پوار اب نئے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے خلاف بھارتیہ جنتا پارٹی کی حمایت یافتہ حکومت میں مشترکہ اپوزیشن کانگریس، شیو سینا اور دیگر جماعتوں کی قیادت کریں گے۔


اہم بات یہ ہے کہ ایکناتھ شندے کی زیرقیادت حکومت کے فلور ٹیسٹ سے پہلے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کو اس وقت دھچکا لگا جب مہاراشٹر اسمبلی کے اسپیکر کے طورپر راہل نارویکر نے اتوار کو اجے چودھری کی جگہ لے لی اور شندے کو شیوسینا قانون ساز پارٹی کا لیڈر مقرر کیا۔ نارویکر نے شیو سینا کے چیف وہپ کے طور پر شندے کیمپ سے بھرت گوگاوالے کی تقرری اور ٹھاکرے دھڑے کے سنیل پربھو کو ہٹانے کو بھی تسلیم کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔