دہلی: شیلا دکشت اور اجے ماکن کے کاغذات نامزدگی داخل
شیلا دکشت نے شمال مشرقی دہلی اور اجے ماکن نے نئی دہلی سیٹ سے کاغذات نامزدگی داخل کیے، شیلا کا مقابلہ منوج تیواری و دلیپ پانڈے سے اور ماکن کا مقابلہ میناکشی لیکھی اور برجیش گوئل سے ہوگا۔
نئی دہلی: دہلی کی سابق وزیر اعلی شیلا دکشت اور ریاستی کانگریس کے سابق صدر اجے ماکن نے آج لوک سبھا الیکشن کے لئے اپنے اپنے کاغذات نامزدگی داخل کیے۔
ریاستی کانگریس کی صدر اور تین مرتبہ دہلی کی وزیر اعلی رہ چکیں شیلا دکشت نے شمال مشرقی دہلی سے کاغذات نامزدگی داخل کی۔ یہاں سے ان کا مقابلہ بی جے پی کے ریاستی صدر منوج تیواری اور عام آدمی پارٹی کے دلیپ پانڈے سے ہوگا۔
اجے ماکن نے نئی دہلی پارلیمانی حلقہ سے نامزدگی داخل کی ہے۔ بی جے پی نے اس سیٹ پر موجودہ ممبر پارلیمنٹ میناکشی لیکھی کو اتارا ہے جبکہ برجیش گوئل عام آدمی پارٹی کے امیدوار ہیں۔
خیال رہے کہ کانگریس نے سابق ریاستی صدر اروند ر سنگھ لولی کو مشرقی دہلی، مہابل مشرا کو مغربی دہلی اور شمال مغربی دہلی سے ریاست کے کارگزار صدر راجیش للوٹھیا کو اتارا ہے۔ پارٹی نے جے پرکاش اگروال کو چاندنی چوک سے ٹکٹ دیا ہے۔ جبکہ جنوبی دہلی سے کانگریس نے اولمپک گولڈ میڈلسٹ باکسر راجندر سنگھ کو میدان میں اتارا ہے۔
قبل ازیں شیلا دکشت نے صحافیوں سے کہا کہ ’’یہ حلقہ انتخاب میرے دل سے وابستہ ہے۔ اسی علاقہ سے دہلی میں میں نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا تھا۔ جو بھی یہاں مقابلہ میں کھڑا ہے میرے لئے چیلنج ہے اور یہ بات کوئی معنی نہیں رکھتی کہ وہ کس پارٹی سے امیدوار ہے۔ ہم چناؤ لڑیں گے اور جیتیں گے۔‘‘
واضح رہے کہ شمال مشرقی دہلی پارلیمانی حلقہ انتخاب وجود میں آنے کے بعد سب سے پہلے 2009 میں یہاں انتخاب ہوا۔ پہلے اس سیٹ کا زیادہ تر حصہ مشرقی دہلی میں آتا تھا۔ شیلا دکشت نے 1998 میں مشرقی دہلی سے کانگریس امیدوار کے طور پر انتخاب لڑا اور بی جے پی کے لال بہاری تیواری سے چناؤ ہار گئیں تھیں۔
(یو این آئی)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔