وسیم رضوی سانس میں تکلیف کے بعد داخل اسپتال، کورونا کا اندیشہ!
شیعہ وقف بورڈ کے چیئرمین وسیم رضوی کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انھیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور کورونا وائرس ٹیسٹ کے لیے ان کا سیمپل لے لیا گیا ہے۔
اتر پردیش سے ایک بڑی خبر موصول ہو رہی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق شیعہ وقف بورڈ کے چیئرمین وسیم رضوی کی طبیعت بگڑ گئی ہے جس کے بعد ان کا کورونا ٹیسٹ کے لیے سیمپل لیا گیا ہے۔ طبیعت ناساز ہونے کے بعد انھیں اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور موصولہ اطلاعات کے مطابق انھیں سانس لینے میں تکلیف ہو رہی ہے۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ کچھ دن پہلے ہی وسیم رضوی دوبئی سے لوٹے تھے اس لیے کورونا وائرس کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ کورونا ٹیسٹ کے لیے سیمپل لیے جانے کے بعد اب رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اتر پردیش کے پیلی بھیت ضلع میں ہی سعودی عرب سے عمرہ کر کے لوٹی ایک خاتون میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے اور ان کا علاج بھی جاری ہے۔ اس وجہ سے وسیم رضوی کو لے کر خدشات مزید بڑھ گئے ہیں، کیونکہ ہندوستان میں دوسرے ممالک کا دورہ کر کے واپس آنے والے لوگوں میں ہی کورونا وائرس کا اثر زیادہ دیکھنے کو ملا ہے۔ ہندوستان میں فی الحال یہ سماجی طور پر نہیں پھیلا ہے، لیکن اس کا شروعاتی اثر نظر آنے لگا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 25 Mar 2020, 4:30 PM