مودی جی! چوکیداروں سے بات کرنے کی بجائے ان کے مسائل حل کیجئے: شتروگھن سنہا

مودی جی چوکیداروں سے خطاب کرنے سے اہم بات یہ ہے کہ ان کے مسائل حل کرنے پر توجہ دینی چاہئے۔

سوشل میڈیا 
سوشل میڈیا
user

یو این آئی

وزیراعظم اور پارٹی کی پالیسیوں سے نالاں بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی) کے لیڈر شتروگھن سنہا نے ہولی کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی کو مبارکباد دیتے ہوئے ان پر طنز کیا۔ مودی کے چوکیداروں کو خطاب کرنے پر سنہا نے طنز کرتے ہوئے یکے بعد دیگر کئی ٹوئٹ کئے جن میں انہوں نے کہا کہ چوکیداروں سے خطاب کرنے سے اہم بات یہ ہے کہ ان کے مسائل حل کرنے پر توجہ دینی چاہئے۔

سنہا نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’’ سر جی آپ کو ہولی کی نیک خواہشات۔ ایک بار پھر میں انکسار اور اِستَقلال کے ساتھ یاد دلاؤں گا کہ ’چوکیدار‘ مہم میں مت پھنسئے۔ چوکیدار کے معاملے پر آپ جتنا دفاع کریں گے، یہ بات ملک کو بے جواب سوالات اور رافیل ڈیل کی اتنی ہی زیادہ یاد دلائے گا۔ ان کے بارے میں لوگ جاننے کے لئے بے چین ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ ’’ویسے سر آپ نے اچانک بغیر کسی تیاری اور بے توجہی کے ’موڈ‘ میں ملک کے چوکیداروں کو خطاب کیا (نام نہاد 25 لاکھ ... نہیں پتہ کہ ان اعداد و شمار کی بنیاد کیا ہے، 21 لاکھ کیوں نہیں، 2.5 لاکھ کیوں نہیں؟) ۔ ہوسکتا ہے کہ یہ بات ان لوگوں اور چوکیداروں کے گلے نہ اترے، جن کی حالت بھی اچھی نہیں ہے۔ ان میں سے زیادہ تر خط افلاس سے نیچے زندگی بسر کرتے ہیں۔

مودی کو چوکیداروں کی حالت سدھارنے کی نصیحت کرتے ہوئے سنہا نے ایک دیگر ٹوئٹ میں لکھا کہ ’’ویسے بھی سر، یہ اہم نہیں ہے کہ آپ نے لاکھوں/ کروڑوں چوکیداروں کو خطاب کیا ، ’آپ کی بھاشن بازی‘ (بہت کھوکھلی، کنٹینٹ کی فقدان والی) بھی اہم نہیں ہے۔ جو چیز اہم ہے وہ یہ ہے کہ ان کی حالت بہتر بنائی جائے۔ ان کا طرز زندگی بہتر ہو، وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کے لئے ان کی حوصلہ افزائی کی جائے، انہیں بہتر اور باقاعدگی سے تنخواہ ملے‘‘۔

آخری ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ ’’چونکہ آپ اب بھی ملک کے وزیراعظم ہیں، اس لئے میں اب بھی آپ کے ساتھ ہوں۔۔۔۔ بہرحال آپ کو بہت سارا پیار اور نیک خواہشات۔ آپ کی ہولی رنگوں بھری اور اور آپ کے ذریعہ پورے ملک کی ہولی رنگوں بھری ہو۔ جے ہند۔

واضح رہے کہ گزشتہ کافی دنوں سے سنہا بی جے پی میں رہتے ہوئے پارٹی کے خلاف بیان بازی کرتے ہیں اور اکثر وزیراعظم کو نشانہ بناتے رہتے ہیں۔ سنہا کئی موقعوں پر اپوزیشن پارٹیوں کے ساتھ اسٹیج پر نظر آئے ہیں اور اب قیاس لگایا جارہا ہے کہ پٹنہ صاحب کی سیٹ مہا گٹھ بندھن کی پارٹیوں راشٹریہ جنتادل اور کانگریس میں سے جس کے حصے میں جائے گی، اسی پارٹی کی جانب سے وہ اس سیٹ کے امیدوار ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 22 Mar 2019, 9:10 AM