بی جے پی میں شامل ہونے والی تھیں شتابدی رائے، لیکن مودی حکومت پر شروع کر دیا حملہ
رکن پارلیمنٹ اور سابق اداکارہ شتابدی رائے کی تقریر کی تعریف کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ میں ان کی تقریر سن کر مسحور ہوگئی ہوں۔
کولکاتا: پارٹی قیادت سے عرصے سے ناراضگی کے بعد پارٹی میں ریاستی نائب صدر بنانے کے بعد آج ممبر پارلیمنٹ اور سابق اداکارہ شتابدی رائے کی تقریر کی تعریف کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ میں ان کی تقریر سن کر مسحور ہوگئی ہوں۔ دراصل آج وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پرولیا میں تھیں۔ ممتا بنرجی کے خطاب سے قبل شتابدی رائے نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی سخت تنقید کی اور کہا کہ ایک طرف لاک ڈاؤن کے بعد ملک کے شہری روزگار کے لئے ٹھوکریں کھا رہے ہیں اور 1400روپے تنخواہ نہیں مل پا رہی ہے۔ دوسری طرف پارلیمنٹ کی تعمیر کے لئے 14,000کروڑ روپے خرچ ہو رہے ہیں۔ شتابدی رائے نے عوام سے سوال کیا کہ اس کی ضرورت کیا تھی؟
واضح رہے کہ شتابدی رائے پارٹی قیادت سے ناراض چل رہی تھیں اور ان کے بھی پارٹی چھوڑنے کی خبریں گردش کر رہی تھیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ وہ بی جے پی کا دامن تھام سکتی ہیں، لیکن آج جس طرح انھوں نے مودی حکومت پر حملہ کیا، یہ ظاہر ہو گیا ہے کہ وہ مستقبل قریب میں بی جے پی جوائن نہیں کریں گی۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ ابھیشیک بنرجی کی مداخلت کے بعد شتابدی رائے کی ناراضگی ختم ہوئی اور انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی سے ضرور ناراض تھیں مگر کبھی بھی پارٹی چھوڑ کر جانے سے متعلق سوچا بھی نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ممتا بنرجی نے انہیں موقع دیا اور وہ تین مرتبہ لوک سبھا کی رکن منتخب ہوئیں۔
خیال رہے کہ اتوار کو شتابدی رائے کو ترنمول اسٹیٹ کمیٹی کے شریک چیئرمین بنانے کا اعلان کیا گیا۔ شتابدی کے علاوہ مالدہ کے معظم حسین اور بالورگھاٹ کے شنکر چکرورتی کو بھی ریاستی کمیٹی میں نائب صدر کے عہدے دیئے گئے ہیں۔ سبھاش چاکی اور للیتا تیگگا کو ضلعی کوآرڈینیٹر کا عہدہ دیا گیا ہے۔ جینت داس ترجمان بنائے گئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔