مودی جی! آپ کی تصویر دل کو چھو گئی لیکن میری ماں کب آزاد ہوگی، التجا مفتی کا سوال
کشمیر میں نظر بند محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی نے ٹوئٹر پر پی ایم مودی کی ماں سے ملاقات کی ایک تصویر شیئر کی ہے۔ تصویر کو دل چھو لینے والا بتاتے ہوئے سوال کیا ہے کہ ان کی ماں کب تک نظر بند رہیں گی؟
جموں و کشمیر کو حاصل خصوصی ریاست کا درجہ ختم کرنے کے بعد سے حکومت کی حراست میں نظربند ریاست کی سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی نے جمعہ کو ٹوئٹر پر ایک دل چھو لینے والا پوسٹ کر کے پی ایم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ التجا نے گجرات دورہ پر گئے پی ایم مودی کی اپنی ماں سے ملاقات کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے پوچھا ہے کہ انھیں کب تک الگ رکھیں گے؟
نیوز ایجنسی اے این آئی کے ذریعہ شیئر پی ایم مودی اور ان کی ماں کی تصویر کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے التجا نے کہا کہ ’’یہ تصویر دل کو چھو لینے والی ہے، لیکن گزشتہ تین مہینوں سے آپ نے میری ماں کو غیر قانونی طریقے سے نظر بند کر رکھا ہے۔ آپ نے میری ماں کے ساتھ ہی ہزاروں لیڈروں، حقوق انسانی کارکنان اور بچوں کو بھی حراست میں قید کر رکھا ہے۔ آخر ان ماؤں کو اپنے بچوں سے کب تک الگ رکھیں گے؟‘‘
غور طلب ہے کہ تقریباً تین مہینے پہلے 5 اگست 2019 کو مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر کو تقسیم کر اسے دو الگ مرکز کے ماتحت ریاست بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اسی کے ساتھ حکومت نے ریاست کے تینوں سابق وزرائے اعلیٰ یعنی محبوبہ مفتی، عمر عبداللہ اور فاروق عبداللہ کو ان کے ہی گھر میں نظر بند کر دیا۔
قابل ذکر ہے کہ محبوبہ مفتی کی نظربندی کے بعد سے ہی ان کا ٹوئٹر ہینڈل ان کی بیٹی التجا مفتی چلا رہی ہیں۔ اس سے پہلے بھی انھوں نے اپنی ماں کے ٹوئٹر ہینڈل سے لگاتار مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اپنے تازہ حملے میں انھوں نے پی ایم مودی اور ان کی ماں کی تصویر کا استعمال کر کافی جذباتی پوسٹ کی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 02 Nov 2019, 1:27 PM