اپوزیشن کے زیر اقتدار ریاستی حکومتوں کو 'غیر مستحکم' کرنے میں بی جے پی کے کردار پر شرد پوار کی تنقید
این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے بی جے پی کو مناسب طور پر منتخب اپوزیشن کی حکمرانی والی ریاستی حکومتوں کو کمزور کرنے میں اس کے کردار پر تنقید کی
ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ شرد پوار نے جمعرات کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو مناسب طور پر منتخب اپوزیشن کی حکمرانی والی ریاستی حکومتوں کو کمزور کرنے میں اس کے کردار پر تنقید کی۔ مہاراشٹر کے بیڈ میں ایک ریلی کے دوران پوار نے کہا کہ اگرچہ بی جے پی مستحکم حکمرانی کی وکالت کرتی ہے لیکن سچائی یہ ہے کہ وہ دیگر قانونی طور پر منتخب پارٹیوں کی ریاستی حکومتوں کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کرتی ہے۔
یوم آزادی پر لال قلعہ سے وزیر اعظم نریندر مودی کے خطاب پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پوار نے کہا ’’15 اگست کو پی ایم مودی نے کہا تھا کہ 'میں دوبارہ آؤں گا۔' میں انہیں بتانا چاہتا ہوں کہ ایسا ہی وعدہ مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے بھی کیا تھا۔ وہ اقتدار میں ضرور واپس آئیں گے لیکن کمتر عہدے پر۔‘‘
پوار نے موجودہ حکومت پر یہ بھی الزام لگایا کہ وہ اقتدار میں رہنے کے لیے ذات پات، مذہب اور زبان پر مبنی تفرقہ انگیز حکمت عملی اپنا رہی ہے۔ خیال رہے کہ مہاراشٹرا میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی)، کانگریس اور شیوسینا کے اتحاد مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کو اقتدار سے بے دخل کر دیا گیا تھا۔
ایم وی اے اتحاد کے معمار سمجھے جانے والے شرد پوار کو ایک اور جھٹکا اس وق لگا جب ان کے بھتیجے اجیت پوار نے بھی بغاوت کر دی۔ اجیت نے ایکناتھ شندے کی قیادت والی مہاراشٹر حکومت کے ساتھ اتحاد کیا اور نائب وزیر اعلیٰ بن گئے۔ ان واقعات کے بعد سے شرد پوار این سی پی کے باغیوں کو یہ باور کرانے کے لیے مسلسل ریلیاں کر رہے ہیں کہ وہ غفلت میں غلط جگہ پر چلے گئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔