شرد پوار نے خاندان میں جھگڑے پر دیا جواب
این سی پی میں پھوٹ کے بعد پارٹی کے سربراہ شرد پوار نے ایک انٹرویو میں کہا کہ یہ سب سیاسی ہے اس کا خاندان پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔
شرد پوار کی پارٹی این سی پی کو ان کے اپنے بھتیجے اجیت پوار نے دو ٹکڑوں میں تقسیم کر دیا ہے۔ اجیت پوار نے بی جے پی اور ایکناتھ شندے کی حکومت کو اپنی حمایت دی اور نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ اختلاف کافی دنوں سے چل رہا تھا۔ اب این سی پی سربراہ شرد پوار نے اس پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ کچھ بھی ہو جائے خاندان میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔
نیوز پورٹل اے بی پی پر شائع خبر کے مطابق شرد پوار نے ایک ٹی وی کو انٹر ویو دیتے ہوئے کہا کہ خاندان میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ ہم خاندان میں سیاست پر بحث نہیں کرتے، خاندان میں ہر کسی کو اپنے فیصلہ لینے کا حق ہے اور وہ ایسا کرتے ہیں۔ اس انٹرویو کے دوران شرد پوار نے واضح کیا کہ انہوں نے فی الحال کسی ایم ایل اے سے بات نہیں کی ہے اور ابھی وہ کسی سے رابطے میں نہیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ستارہ جا رہے ہیں۔ جہاں وہ مجاہد آزادی وائی بی چوان کی یادگار پر حاضری دیں گے۔
اپنے ہی ایم ایل اے کی بغاوت کے فوراً بعد دیئے گئے انٹرویو میں شرد پوار نے بھی قانونی لڑائی کے بارے میں جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی صدر جینت پاٹل اس سلسلے میں قانونی مشورہ لے رہے ہیں۔ صرف پاٹل ہی فیصلہ کریں گے کہ قانونی جنگ کیسے لڑی جائے گی۔ اس دوران شرد پوار نے یہ اشارہ بھی دیا کہ اس بغاوت کا اپوزیشن اتحاد پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ واضح رہے کہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے لیے تمام بڑی اپوزیشن پارٹیاں ایک ساتھ آ رہی ہیں، جس میں شرد پوار کا نام بھی بڑے لیڈروں میں شامل ہے۔
درحقیقت شرد پوار کے بھتیجے اجیت پوار نے راج بھون پہنچ کر دیرینہ تنازعہ کے درمیان گورنر سے ملاقات کی اور دعویٰ کیا کہ انہیں 40 ایم ایل اے کی حمایت حاصل ہے۔ اس کے بعد انہوں نے اپنے قریبی ایم ایل اے کے ساتھ حلف بھی لیا۔ اس سیاسی ہلچل کے بعد اب ہر کوئی شرد پوار کے اگلے اقدام کا انتظار کر رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔