’شرد پوار ای ڈی کے نوٹس سے نہیں ڈرتے‘، سپریا سولے نے سنیل ٹنگرے کو دیا منھ توڑ جواب
مہاراشٹر میں ایک ریلی سے خطاب رکتے ہوئے سپریا سولے نے سنیل ٹنگرے کا نام تو نہیں لیا، لیکن یہ ضرور کہا کہ جس شخص کو پارٹی نے پچھلی بار ٹکٹ دیا تھا اس نے اب نوٹس بھیجا ہے۔
مہاراشٹر میں اسمبلی انتخاب کی تاریخ قریب آنے کے ساتھ ہی سیاسی لیڈران کے درمیان حملہ اور جوابی حملہ کا سلسلہ بھی بڑھ گیا ہے۔ این سی پی (شرد پوار گروپ) کی کارگزار صدر سپریا سولے نے آج ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اجیت پوار کی قیادت والی این سی پی کے رکن اسمبلی سنیل ٹنگرے پر بالواسطہ حملہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ سنیل ٹنگرے نے ان کے والد اور این سی پی چیف شرد پوار کو قانونی نوٹس بھیجا ہے، جس میں پونے پورش کار ہٹ اینڈ رَن معاملے میں بدنام نہ کرنے کی تنبیہ دی ہے۔ انھوں نے یہ تبصرہ وڈگاؤں شیری انتخابی حلقہ سے پارٹی امیدوار باپو پٹھارے کی حمایت میں منعقد ایک ریلی میں کیا۔
مہاراشٹر کے بارامتی سے رکن پارلیمنٹ سپریا سولے نے ریلی سے خطاب کے دوران براہ راست طور پر سنیل ٹنگرے کا نام ضرور نہیں لیا، لیکن انھں نے ان کا نام لیے بغیر یہ ضرور کہا کہ جس شخص کو پارٹی نے پچھلی بار ٹکٹ دیا تھا، اس نے اب نوٹس بھیجا ہے کہ اگر پورش کار معاملے میں اسے بدنام کیا گیا تو وہ شرد پوار کو عدالت میں گھسیٹے گا۔ سپریا سولے مزید کہتی ہیں کہ ’’شرد پوار تو ای ڈی کے نوٹس سے بھی نہیں ڈرتے، کیا آپ کو لگتا ہے کہ وہ آپ کے نوٹس سے ڈریں گے؟‘‘ انھوں نے یہ بھی واضح کیا کہ جو نوٹس بھیجا گیا ہے اس کا جواب دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اجیت پوار کی قیادت والی این سی پی کے وڈگاؤں شیری سیٹ سے امیدوار ٹنگرے پر پورش حادثہ معاملے میں ملزمین کو بچانے کے لیے اپنے اثرات کا استعمال کرنے کا الزام ہے۔ پونے کے کلیانی نگر علاقہ میں 19 مئی کو صبح مبینہ طور پر شراب کے نشے میں ڈوبے 17 سالہ ایک لڑکے نے بہت تیز رفتار میں پورش کار چلاتے ہوئے دو آئی ٹی پیشہ وروں کو ٹکر مار دی تھی۔ اس میں ایک خاتون بھی تھی۔ اس حادثہ میں دونوں کی موت ہو گئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔