گورنر کوشیاری کی زبان سے شرد پوار برہم، وزیر اعظم کو لکھا خط

اپنے خط میں شرد پوار نے لکھا، ’’کوشیاری نے گورنر کے عہدہ کا خیال نہ رکھتے ہوئے ادھو ٹھاکرے کو جو طنزیہ خط تحریر کیا ہے اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کسی سیاسی پارٹی اور نظریہ کی نمائندگی کر رہے ہیں‘‘

تصویر بشکریہ ٹوئٹر @PawarSpeaks
تصویر بشکریہ ٹوئٹر @PawarSpeaks
user

قومی آواز بیورو

ممبئی: مہاراشٹر کے گورنر اور بی جے پی کے سابق نائب صدر بی ایس کوشیاری نے ادھو ٹھاکرے کو لکھے خط میں جس طرح سے ہندوتو کا ذکر کیا ہے اس سے این سی پی سربراہ شرد پوار بہت زیادہ برہم ہیں اور انہوں نے گورنر کی زبان کو لے کر وزیر اعظم سے تحریری طور پر اپنی برہمی کا اظہار کر دیا ہے۔

شرد پوار نے وزیر اعظم کو لکھا ہےکہ ’گورنر کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے خیالات وزیر اعلی تک پہنچائیں لیکن جو زبان انہوں نے استعمال کی ہے میں اس پر حیران ہوں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا ہے کہ گورنر کے خط سے ایسا لگ رہا ہے جیسے وہ ریاست کے وزیر اعلی سے نہیں بلکہ ایک سیاسی جماعت کے رہنما سے مخاطب ہوں اور اس خط نے گورنر کے دفتر کے وقار کو نقصان پہنچایا ہے۔


واضح رہے گورنر نے پیر کو وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کو عبادت گاہیں کھولنے کے لئے ایک خط لکھا تھا لیکن اس میں انہوں ہندوتو کا بھرپور ذکرکیا تھا۔ انہوں نے اس میں ادھو ٹھاکرے کو یاد دلاتے ہوئے تحریر کیا تھا ’’آپ نے وزیر اعلی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ایودھیا کا دورہ کیا تھا، آپ پندھارپور میں رکمنی مندر گئے تھے پوجا کے لئے۔‘‘

گورنر نے وزیر اعلی کو ہندوتو کا علمبردار بتاتے ہوئے لکھا کہ وہ حیران ہیں کہ وزیر اعلی کیوں مذہبی مقامات کھولنے کو ٹال رہے ہیں۔ گورنر نے طنز کرتے ہوئے ادھو کو لکھا ہے کہ کیا ان کوکوئی خدائی پیغام ہے ایسا نہ کرنے کے لئے یا وہ سیکولر ہوگئے ہیں، جس لفظ سے وہ نفرت کرتے تھے۔


گورنر کے اس خط کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلی نے جواب میں لکھا تھا کہ ان کو کسی سے ہندوتوا کے لئے سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ سیکولرزم کی بات کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ کیا مذہبی مقامات کھولنا ہی ہندوتوا ہے؟ انہوں نے گورنر سے پوچھاکہ کیا سیکولرزم ہندوستانی ا ٓئین کی بنیاد نہیں ہے جس پر انہوں نے گورنر کے عہدہ کا حلف لیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے لکھا کہ لوگوں کے مذہبی جذبات اور عقائد کا خیال رکھتے وقت ان کی زندگی اور صحت کا بھی خیال رکھنا ضروری ہے۔ وہیں، شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نے گورنر کے خط پر کہا کہ ان کی ہندوتوا کی بنیاد بہت مضبوط ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔