ہریانہ اسمبلی انتخاب میں عام آدمی پارٹی کی شرمناک شکست، نہیں ملی ایک بھی سیٹ، بیشتر سیٹوں پر ضمانت ضبط

عآپ کے لئے یہ انتخاب ایک ڈراؤنا خواب ثابت ہوا، ہریانہ میں پارٹی کو ایک بھی سیٹ نصیب نہیں ہوئی، بیشتر سیٹوں پر ان کے امیدوار ضمانت بھی نہیں بچا سکے۔

<div class="paragraphs"><p>عام آدمی پارٹی، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

عام آدمی پارٹی، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

ہریانہ میں بی جے پی نے تاریخ رقم کرتے ہوئے لگاتار تیسری بار حکومت سازی کا راستہ ہموار کر لیا ہے۔ ایک طرف جہاں کانگریس کو امید کے برخلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا، وہیں دوسری طرف دہلی میں حکومت پر قابض عآپ کو بھی شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس نے ہریانہ میں 89 سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے تھے اور جیت کے بڑے بڑے دعوے کیے تھے۔ لیکن عوام نے ان کو سرے سے خارج کر دیا اور انہیں ایک سیٹ کے لائق بھی نہیں سمجھا۔ عآپ کے لئے یہ انتخاب ایک ڈراؤنا خواب ثابت ہوا ہے۔ بیشتر سیٹوں پر عآپ امیدوار ضمانت بھی نہیں بچا سکے۔

ہریانہ میں ملی اس شکست کا اثر عآپ کو آنے والے دہلی اسمبلی الیکشن پر بھی پڑ سکتا ہے۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ہریانہ کا وہ علاقہ جو دہلی سے متصل ہے، جہاں عآپ کو کچھ امید تھی کہ کیجریوال کا جادو چل جائے گا، وہاں بھی امیدیں ٹوٹ گئی ہیں۔ چونکہ دہلی اسمبلی انتخاب میں عآپ کا کانگریس سے اتحاد بھی ہوتا دکھائی نہیں دے رہا ہے، اس لیے آگے کی راہیں آسان دکھائی نہیں دے رہی ہیں۔


دہلی سے متصل اسمبلی حلقوں میں عآپ کے امیدواروں کی کارکردگی پر نظر ڈالی جائے تو پارٹی کی حالت صاف پتہ چل جاتی ہے۔ گڑگاؤں میں عآپ امیدوار ڈاکٹر نشانت آنند کو محض 2177 ووٹ ملے۔ گروگرام ضلع کے بادشاہ پور سیٹ سے بیر سنگھ بیرو میدان میں تھے ان کو عوام نے 12943 ووٹ دیے۔ سوہنا سے دھرمیندر کھٹانا کو صرف 2680 ووٹ ملے۔ پٹودی میں تو امیدوار 2000 کا ہندسہ بھی پار نہیں کر پائے، ان کے امیدوار پردیپ جٹولا کو صرف 1874 ووٹوں سے ہی صبر کرنا پڑا۔ اسی طرح سے کئی ایک سیٹ ہے جہاں عآپ کے امیدوار کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔