شہید عبد الحمید کی اہلیہ رسولن بی بی کا 95 سال کی عمر میں انتقال

ہند پاک جنگ کے ہیرو پرم ویر چکر سے سرفراز شہید ویر عبدالحمید کی بیوہ رسولن بی بی کا جمعہ کے روز انتقال ہو گیا۔ ان کی عمر 95 سال تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

غازی پور: ہند پاک جنگ کے ہیرو پرم ویر چکر سے سرفراز شہید ویر عبدالحمید کی بیوہ رسولن بی بی کا جمعہ کے روز انتقال ہو گیا۔ ان کی عمر 95 سال تھی۔ انہوں نے اپنے پوتے جمیل عالم کی دلہا پور میں واقع رہائش گاہ پر آخری سانس لی۔ اہل خانہ کے مطابق رسولن بی بی طویل عرصہ سے بیمار چل رہی تھیں۔ کل یعنی ہفتہ کے روز ان کی تدفین کی جائے گی۔

غازی پور کے دلہاپورعلاقے کے دھام پور گاؤں کے پرم ویر چکر یافتہ ویر عبدالحمید 10 ستمبر 1965 کو کھیم کرن علاقے میں پاکستان سے جنگ لڑتے وقت شہید ہو گئے تھے۔ انہیں بعد از مرگ فوج کے اعلی ترین اعزاز پرم ویر چکر سے سرفراز کیا گیا تھا۔


اترپردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل نے ہند۔پاک جنگ کے ہیرو پرم ویر چکر سے سرفراز شہید ویر عبدالحمید کی بیوہ رسولن بی بی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ پٹیل نے رسولن بی بی کی روح کے سکون کی دعاکرتے ہوئے سوگوار کنبے کے تئیں اپنی دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی رسولن بی بی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ رسولن بی بی ایک بہادر کی شریک حایت تھیں، ان کے شوہر شہید عبد الحمید نے سن 1965 کی جنگ میں زبردست بہادری کا مظاہرہ کیا تھا، جس کے لئے انہیں بعد از مرگ پرم ویر چکر سے سرفراز کیا گیا تھا۔ اتر پردی کے لئے یہ فخر کی بات ہے کہ شہید عبدالحمید یہاں کے ضلع غازی پور کے رہائشی تھی۔ وزیر اعلیٰ نے سوگ وار اہل خانہ کے تئیں اپنی تعزیت کا اظہار کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔