شاہ رخ خان نے فلمی ہستیوں سے گفتگو کے لئے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا
شاہ رخ خان نے ٹوئٹر پر کہا کہ ہماری میزبانی کرنے اور مہاتما گاندھی کے پیغامات کی تشہیر میں فنکاروں کے کردار کے سلسلے میں فلمی شخصیات کے ساتھ کھلی بات چیت کے لئے پی اہم کا شکریہ
نئی دہلی: بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان نے مہاتما گاندھی کے پیغامات کی تشہیر میں فنکاروں کے کردار کے سلسلے میں فلمی شخصیات کے ساتھ تبادلہ خیال کرنے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا ہے۔ شاہ رخ خان نے سنیچر کی رات ٹوئٹر پر کہا کہ ’’ہماری میزبانی کرنے اور مہاتما گاندھی کے پیغامات کی تشہیر میں فنکاروں کے کردار کے سلسلے میں فلمی شخصیات کے ساتھ کھلی بات چیت کے لئے شکریہ۔ فلم یونیورسٹی کا خیال بھی کمال کا ہے‘‘۔
مودی نے ہفتہ کے روز اداکار شاہ رخ خان، عامر خان اور جیکی شراف، اداکارہ کنگنا رنوت، سونم کپور اور جیکلین فرنانڈیز اور ہدایت کار راجکمار ہیرانی، امتیاز علی، بونی کپور اور ایکتا کپور سمیت فلم دنیا کی معروف شخصیات سے ملاقات کی اور ان سے گاندھی اور گاندھی ازم پر فلم بنانے کی اپیل کی۔ اس پروگرام کا انعقاد وزیر اعظم کی رہائش گاہ 7، لوک كليان مارگ پر کیا گیا تھا۔
فلمی صنعت کے ارکان کو مدعو کرنے کا مقصد مہاتما گاندھی کے 150 ویں یوم پیدائش کے موقع پر گاندھی اور گاندھی ازم پر فلمیں بنانے کے لئے حوصلہ افزائی کرنا تھا۔ بالی وڈ کی کئی بڑی ہستیاں اس پروگرام میں شامل ہوئیں اور گاندھی جی سے متعلق پروگراموں کے سلسلے میں اپنی تجاویز پیش کیں۔
اس دوران وزیراعظم مودی نے کہا کہ گاندھی جی کے خیالات، سادگی کی مثال ہیں۔ ملاقات کے دوران انہوں نے فلمی شخصیات سے ڈانڈی کی گاندھی میوزیم میں دیکھنے کی اپیل کی۔ مودی نے کہا کہ ’’آپ کو اسٹچيو آف یونٹی بھی جانا چاہیے، جہاں ملک وبیرونی ممالک سے لوگ آ رہے ہیں‘‘۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ’’مہاتما گاندھی کے خیالات کی تشہیر کے لئے فلمی دنیا اور ٹیلی ویژن شاندار کام کر رہے ہیں‘‘۔ مودی نے اس موقع پر چار ثقافتی ویڈیو بھی ریلیز کیے۔
اداکار عامر خان نے کہا کہ ’’باپو کے خیالات کی تشہیر کرنے کے لئے وزیر اعظم مودی کی کوششوں کی میں تعریف کرتا ہوں۔ تخلیقی کام کرنے والے لوگوں کے طور پر ہم بہت کچھ کر سکتے ہیں۔ میں وزیر اعظم مودی کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم اس سمت میں کچھ کرنے کی کوشش کریں گے‘‘۔
شاہ رخ خان نے کہا کہ ’’ایک پلیٹ فارم پر سب کو یکجا کرنے کے لئے میں پی ایم مودی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ مجھے لگتا ہے کہ ہمیں ہندوستان اور دنیا کو ایک بار پھر گاندھی جی سے واقف کرانا ہوگا‘‘۔ مشہور فلم ساز آنند ایل رائے نے کہا کہ ’’مودی نے گاندھی جی کے نظریات کو مقبول بنانے میں ہمیں شامل کرکے اس کے تئیں ذمہ داری کے جذبے کو شامل کیا ہے‘‘۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔