جموں کشمیر میں شدید زلزلہ، درگاہ چرار شریف کے مینار کو معمولی نقصان، دہلی تک محسوس کیے گئے جھٹکے

وادی کشمیر کے علاوہ جموں ڈویزن میں بھی زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے، حضرت شیخ العالم کی زیارت درگاہ چرار شریف کے مینار کو زلزلہ کی وجہ سے معمولی نقصان پہنچا ہے

تصویر بشکریہ ٹوئٹر
تصویر بشکریہ ٹوئٹر
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی / سری نگر: جموں و کشمیر اور دہلی-این سی آر میں ہفتہ کی صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ صبح 9.46 پر محسوس کئے جانے والے ان جھٹکوں کی ریکٹر اسکیل پر شدت 5.7 بتائی جا رہی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان میں واقع ہندوکش کا علاقہ بتایا جاتا ہے۔

وادی کشمیر کے علاوہ جموں ڈویژن میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ جھٹکوں کی وجہ سے لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔ لوگوں کے مطابق زمین بہت تیزی سے ہلی جس کی وجہ سے ہر کوئی خوفزدہ ہو گیا۔ اس سے قبل 14 جنوری کو جموں و کشمیر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔


دریں اثنا، ’کشمیر لائف‘ ویب پورٹل پر شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق حضرت شیخ العالم کی زیارت درگاہ چرار شریف کے مینار کو زلزلہ کی وجہ سے معمولی نقصان پہنچا ہے۔ وقف بورڈ چرار شریف نے اطلاع دی ہے کہ پورے کشمیر میں محسوس کیے گئے شدید زلزلے کی وجہ سے چرار شریف کے مینار کا تاج جھک گیا اور اپنی اصل شکل کھو بیٹھا۔ تاہم، درگاہ کو کوئی شدید نقصان نہیں پہنچا۔

بتایا جا رہا ہے کہ آج صبح 9 بج کر 45 منٹ پر افغانستان تاجکستان سرحدی علاقے میں ریکٹر سکیل پر 5.7 کی شدت کا زلزلہ آیا۔ زلزلے کی گہرائی 210 کلومیٹر تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 05 Feb 2022, 11:23 AM